پنجاب حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کیلئے معین مدت گذرنے کے بعد ڈبل پنشن کا حق تسلیم کرلیا ، نوٹیفکیشن جاری

جمعرات 24 جولائی 2014 19:17

پنجاب حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کیلئے معین مدت گذرنے کے بعد ڈبل ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء) حکومت پنجاب نے تمام سرکاری ملازمین کیلئے معین مدت گذرنے کے بعد ڈبل پنشن کا حق تسلیم کرلیا ہے اوراس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔فوری طورپر75سال کی عمر تک پہنچنے والے ریٹائرڈ ملازمین کی کئی سالوں تک رکی ادائیگیاں کی جاسکیں گی جبکہ 2001کے بعد 75سال کی عمر تک پہنچنے کے بعد فوت ہونے والے پنشنرز کے واجبات کے حق دار مرحوم پنشنرز کے لواحقین ہوں گے ۔

محتسب پنجاب جاوید محمود نے ڈبل پنشن کا حق تسلیم کئے جانے پر تمام سرکاری ملازمین اورپنشنرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پنشنرزاور حاضر سروس ملازمین کیلئے عید سے پہلے عید ہے۔یادرہے کہ محتسب پنجاب نے سیکرٹری خزانہ پنجاب اوراکاوٴنٹنٹ جنرل پنجاب کو75سال کی عمر تک پہنچنے والے پنشنرز کو عید سے قبل ادائیگیاں کرنے کی ہدایت کی تھی ۔

(جاری ہے)

محتسب پنجاب نے کہا کہ ہے کہ بزرگ پنشنرز نے اپنے حق کیلئے جہد مسلسل کی اور انصاف کیلئے ہر فورم پر دستک دی۔لاہورہائی کورٹ ، پنجاب سروسزٹربیونل، وفاقی سروسز ٹربیونل اورمحتسب پنجاب نے بزرگ پنشنرز کے حق میں فیصلے دئیے جبکہ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے پنجا ب حکومت کی نظر ثانی کی درخواست کوبھی مسترد کردیا۔انہوں نے کہا کہ بزرگ پنشنرز کی محنت آخر کار رنگ لائی ہے جس کے نتیجے میں تمام ملازمین ڈبل پنشن کے حقدار ٹھہرے ہیں۔

محتسب پنجاب نے کہا کہ محتسب پنجاب پنشن سیل ، محکمہ خزانہ پنجاب اورمیڈیا نے پنشنرز کو ان کا حق دلوانے میں اہم کردارادا کیا ہے اورمحکمہ خزانہ پنجاب نے نوٹیفکیشن میں ملازمین کے ڈبل پنشن کا حق تسلیم کرتے ہوئے متعلقہ دفعہ ختم کردی۔محتسب پنجاب نے کہا کہ بزرگ پنشنرز کی اپنے حق کیلئے انتھک محنت تمام ملازمین کیلئے ایک مثال ہے ۔

متعلقہ عنوان :