پنجاب میٹروبس اتھارٹی کے بجٹ مالی سال 2014-15ء اور راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کیلئے 68 بسوں کی خریداری کی منظوری

جمعرات 24 جولائی 2014 18:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت پنجاب میٹروبس اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب میٹروبس اتھارٹی کے بجٹ مالی سال 2014-15ء کی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کیلئے 68بسوں کی خریداری کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس کے دوران اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کے حوالے سے بھی بعض ضروری اقدامات کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں چےئرمین لاہور ٹرانسپور ٹ کمپنی خواجہ احمد حسان،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،وحیدعالم خان،ملک ابرار احمد،خواجہ عمران نذیر ،رمضان صدیق بھٹی،حنیف عباسی،حافظ میاں نعمان،افتخار احمد،چےئرمین پی اینڈ ڈی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت عوام کو ٹرانسپورٹ کی معیاری ، پائیدار، محفوظ اور با کفایت سفری سہولتوں کی فراہمی کے انقلابی پروگرام پر عمل پیراہے۔

(جاری ہے)

ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری لانے کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ لاہو ر میں میٹروبس کے شاندار منصوبے سے روزانہ پونے دو لاکھ افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ میٹروبس کے منصوبے نے شہر لاہو ر کو ایک نئی شناخت دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اورنج لائن میٹروٹرین منصوبہ بھی شروع کیا جا رہاہے جس سے نہ صرف شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی بلکہ ٹرانسپور ٹ کلچر میں انقلابی تبدیلی آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ پرپل لائن میٹروٹرین اوربلیو لائن میٹروٹرین کے منصوبوں کی فزیبلٹی سٹڈی بھی کرائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ رواں سال مکمل کیا جائے گا۔منصوبے کی تکمیل سے جڑواں شہروں کے مکینوں کو تیزرفتار ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آئے گی۔انہوں نے کہاکہ ملتان میں میٹروبس کے منصوبے کا سنگ بنیاد 14اگست کو رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ٹرانسپور ٹ سسٹم کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب میٹروبس اتھارٹی نے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی ۔

متعلقہ عنوان :