پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کیلئے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑاسالانہ ترقیاتی پروگرام ترتیب دیا ‘شہبازشریف

جمعرات 24 جولائی 2014 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کیلئے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑاسالانہ ترقیاتی پروگرام ترتیب دیا ہے ،سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے لئے 345ارب روپے کے ریکارڈ فنڈمختص کیے گئے ہیں ،جنوبی پنجاب کے اضلاع کی ترقی کیلئے 119ارب روپے کے خطیر وسائل رکھے گئے ہیں، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہداف کے حصول کیلئے سخت محنت اورپیشہ ورانہ انداز سے کام کرنا ہوگا۔

وہ جمعرات کے روزیہاں سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے سال2014-15کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ایم این اے حمزہ شہباز،وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن،ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری، چےئرمین پی اینڈڈی،سیکرٹری فنانس،چےئرمین پی آئی ٹی بی اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ مالی سال کے دوران ترقیاتی بجٹ کے بہترین استعمال کرنے والے 3اضلاع اور 3محکموں کے افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ دئیے جائیں گے جبکہ ترقیاتی بجٹ کے استعمال میں خراب کارکردگی دکھانے والے افسران کی بازپرس ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی فنڈ زکے اجراء اور استعمال کے حوالے سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے جامع نظام وضع کیا جائے ۔ ترقیاتی منصوبوں میں تھرڈ پارٹی آڈٹ کی پالیسی پر سختی سے عملدر آمد کیا جائے ۔ ترقیاتی منصوبوں میں تھرڈ پارٹی آڈٹ کی شرط پر عملدر آمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی پروگرام پر عملدر آمد کے لئے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کابینہ کمیٹی سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدر آمد کا مستقل طورپر جائزہ لے گی۔انہو ں نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے ہر ماہ دو باراجلاس منعقد کریں ۔میں خود بھی ہرماہ ترقیاتی پروگرام پر عملدر آمد کاجائزہ لوں گا۔انہوں نے کہاکہ وسائل میں ا ضافہ کیلئے فوری اقدامات کیے جائے تاکہ ترقیاتی سکیموں کے لئے اضافی وسائل حاصل ہوں۔

وزیراعلیٰ نے گذشتہ مالی سال میں ترقیاتی فنڈ ز کے بہترین استعمال پر چیف سیکرٹری ،چےئرمین پی اینڈ ڈی ،سیکرٹری خزانہ اور اپنی سیاسی ٹیم کی تعریف کی ۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2014-15کے خدوخال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی -

متعلقہ عنوان :