باریاں لینے والوں نے جدہ ،امریکا رابطے شروع کردیئے ہیں،فرخ جاوید مون

جمعرات 24 جولائی 2014 18:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء) تحریک انصاف لاہور کے سیکرٹری اطلاعات فرخ جاوید مون نے کہا ہے کہ شہر لاہور میں سحری اور افطاری کے وقت بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہیں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سحری و افطاری کی تیاری کے وقت بجلی کا نہ ہونا اور پینے کے کا پانی بھی نہ ملنا کسی عذاب سے کم نہیں ہے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت اقتدارکے نشے میں بھول گئی ہے کہ انہوں نے الیکشن کے وقت غریب عوام سے پانی اور بجلی کے نام پر ووٹ لیے تھے لیکن حکومت ملنے کے بعد اپنے سب وعدوں کو بھول گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

فرخ جاوید مون کا مزید کہنا تھا کہ آزادی مارچ نے گٹھ جوڑاورجعلی مینڈیٹ والوں کی نیندیں اڑا دیں ہیں اورباریاں لینے والوں نے جدہ ،امریکا رابطے شروع کردیئے ہیں کیونکہ انہیں پتا چل گیا ہے کہ چودہ اگست کوجعلی مینڈیٹ کے سارے پول کھل جائیں گے اورپنکچرلگانے والوں کے چہرے بھی قوم کے سامنے آجائیں گے جس وجہ سے بھاری مینڈیٹ والے پریشان ہے ۔