پاکستان آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچائے، کیمرون

جمعرات 24 جولائی 2014 17:07

پاکستان آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچائے، کیمرون

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء) برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کی حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان شدت پسندوں کے خاتمے کے لیے جاری کوششیں ترک نہ کرے اورآپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائے،القاعدہ کی کمرٹوٹ چکی ہے دوبارہ پنپنے دیاگیاتویہ پہلے سے زیادہ خطرناک ہوسکتی ہے ،افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں ،افغان صدارتی امیدوارعوام کے حق رائے دہی کا احترام کریں اورفیصلے کو من وعن تسلیم کریں تاکہ جلد ازجلد نئی حکومت تشکیل پاسکے اورعوام کو اس کا براہ راست فائدہ پہنچے،گزشتہ روزغیرملکی خبررساں ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویومیں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈکیمرون نے کہاکہ ان کا ملک شمالی وزیرستا ن میں جاری آپریشن ضرب عضب کی حمایت کرتاہے اوریہ آپریشن جاری رہناچاہیے انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھیں برطانیہ اس کا بھرپورساتھ دے گا ،ایک سوال کے جواب میں کیمرون نے کہاکہ پاکستان کو دہشت گردی نے تباہ کیاہے یہ یہی دہشت گردی افغانستان میں بھی امن عمل میں رکاوٹ ہے سرحد کے آرپارشدت پسندوں کے خاتمے سے خطے میں استحکام آسکتاہے ،ان کا کہنا تھا کہ القاعدہ پہلے سے کافی کمزورہوچکی ہے مگر یہ ختم نہیں ہوئی اوریہی بہتر وقت ہے کہ اس کے ساتھ پوری قوت سے لڑاجائے کیونکہ اگر اب تنظیم سے سختی سے نہ نمٹاگیاتویہ مستقبل قریب میں اوربھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ،ایک اورسوال کے جواب میں برطانوی وزیراعظم کا کہناتھاکہ افغانستان میں نئی حکومت جلد ازجلد تشکیل پانی چاہیے تاکہ اس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچ سکے۔