عیدکے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے ٹانک پولیس نے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا

جمعرات 24 جولائی 2014 15:23

ٹانک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء) عیدکے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے ٹانک پولیس نے سیکورٹی پلان جاری کر دیا ۔چار سو سے زائد پولیس اہلکار سیکورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ۔پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفسیر ٹانک کفایت اللہ وزیر نے عید کے سیکورٹی پلان کے حوالے سے صحافیوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عید کے مذہبی تہوار کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلہ میں سیکورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ عید کے موقع پر ضلع بھر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی نفری تعینات کی جائے گی ۔جبکہ نماز عید کے دوران ٹانک کی تمام مساجدز پر پولیس کے جوان تعینات کئے جائیں گے تاکہ عوام بغیر کسی خوف و خطر کے عید کی نماز ادا کر سکیں ۔

(جاری ہے)

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں پولیس کے جوانوں کا پیدل اورموبائل گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے ۔

کفایت اللہ وزیر نے مذید بتایا کہ ٹانک میں سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے چار سو سے زائد پولیس کے جوان سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ۔ان کا کہناتھا کہ شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ٹانک پولیس کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کر ے گی اور اس سلسلے میں اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر علاقہ میں قیام امن کے لئے پولیس کاساتھ دیں تاکہ شہر کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :