سکیورٹی فورسز قومیت نسل یا گروپ سے وابستگی سے قطع نظر تمام عسکریت پسندوں کو نشانہ بنارہی ہیں طارق فاطمی

جمعرات 24 جولائی 2014 14:11

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء)وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے امریکہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سکیورٹی فورسز قومیت نسل یا گروپ سے وابستگی سے قطع نظر تمام عسکریت پسندوں کو نشانہ بنارہی ہیں افغانستان میں امریکی فوجیوں کی موجودگی سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں پاکستان افغانستان اور بھارت سمیت اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام سے ملاقاتوں کے دور ان امریکیوں نے شکایت کی کہ پاکستان نے حقانی عسکریت پسندوں کو آپریشن شروع ہونے سے پہلے افغانستان فرار ہونے کی اجازت دی تھی جس پر طارق فاطمی نے امریکیوں کو یقین دلایا کہ قومیت، نسل یا گروپ سے وابستگی سے قطع نظر فوج تمام طالبان عسکریت پسندوں کو نشانہ بنارہی ہے۔

(جاری ہے)

طارق فاطمی نے واضح کیا کہ آپریشن ضربِ عضب میں ایک لاکھ 75 ہزار سے زیادہ سپاہی شریک ہیں اور اس طرح کا بہت بڑا آپریشن خاموشی کے ساتھ شروع نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ فوج کی نقل و حرکت اور دیگر تیاریوں نے ممکن ہے کہ کچھ عسکریت پسندوں کو خبردار کردیا ہو اور ہوسکتا ہے کہ انہوں نے آپریشن شروع ہونے سے پہلے شمالی وزیرستان چھوڑ دیا ہو۔طارق فاطمی نے کہا کہ حکومت نے کسی کو بھی فرار کی اجازت نہیں دی ہمارے فوجی تمام طالبان عسکریت پسندوں کو نشانہ بنارہے ہیں چاہے وہ افغان ہوں یا پاکستانی۔

“انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کی موجودگی سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں اسی بناء پر پاکستان امریکیوں کو ایسا کوئی مشورہ نہیں دینا چاہتا کہ وہ وہاں قیام کریں یا انخلاء کرجائیں۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اس میں کوئی فائدہ نہیں وہ امریکا سے یہ کہیں کہ اس نے افغانستان میں اپنے مقاصد حاصل کرلیے ہیں یا نہیں۔طارق فاطمی نے کہاکہ پاکستان افغانستان اور بھارت سمیت اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔طارق فاطمی نے تصدیق کی کہ امریکا داسو ہائیڈرو پروجیکٹ سمیت پاکستان کے توانائی کے بڑے پروگراموں کی مدد جاری رکھے گا۔