Live Updates

سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے عمران خان کو ہتک عزت کا نوٹس بھجوا دیا

جمعرات 24 جولائی 2014 14:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے عمران خان کو20ارب روپے کا ہتک عزت کا نوٹس بھجوا دیا۔ جمعرات کو سابق چیف جسٹس کے وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ نوٹس میں کہا گیاکہ 2009 میں ملک کی عدلیہ نے انتخابات میں حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اس وقت کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم نے عدلیہ کو حصہ بننے کے لئے خط لکھا تھا جس کے بعد عدلیہ نے صرف ایک مرتبہ انتخابی عمل کا حصہ بنے کا فیصلہ کیا تھا۔

گزشتہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کو کئی حلقوں میں کامیابی ملی تاہم عمران خان کو جہاں کامیابی نہیں ملی وہاں عدلیہ پر الزام لگادیا۔ سابق چیف جسٹس کی خدمات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا تاہم عمران خان نے ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد الزام تراشی شروع کردی۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے چیئرمین نے الزام لگایا کہ انہوں نے ایک مخصوص سیاسی جماعت کو جتوانے کے لئے دھاندلی کروائی۔

سابق چیف جسٹس نے نوٹس نے کہا کہ انہوں نے اپنی تمام زندگی آئین اور قانون کی حکمرانی کیلئے صرف کی کیونکہ وہ ایک ایسے ملک میں رہنا چاہتے ہیں جہاں سب کی عزت محفوظ ہو۔عمران خان کے اس طرز عمل سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچااس لئے انہوں نے اپنے دفاع میں عمران خان کے خلاف مقدمہ دائر کرانے کا فیصلہ کیا ہے، اللہ تعالیٰ نے انہیں جو عزت بخشی ہے اس کا نعم البدل ظاہری دولت نہیں ہوسکتی تاہم اس کے باوجود وہ علامتی طور پر انہیں 15 ارب روپے کے ہتک عزت اور ذہنی دباوٴ کا شکار کرنے پر 5 ارب روپے کا نوٹس بھجوا رہے ہیں عمران خان 15 دن میں معافی مانگیں اور بیان واپس لیں۔

افتخار محمد چودھری کے وکیل نے بتایا کہ سابق چیف جسٹس کی خدمات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا،سابق چیف جسٹس کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس کے بیٹے ارسلان افتخار عمران خان کو قومی اسمبلی سے نااہل قراردلانے کیلئے پہلے ہی الیکشن کمیشن سے رْجوع کرچکے ہیں۔ارسلان افتخار کے مطابق عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی کی ولدیت کو چھپایاجس کی وجہ سے وہ آئین کی شق باسٹھ اور تریسٹھ پر پورے نہیں اْترتے، لہٰذا اس لیے انہیں قومی اسمبلی کی رْکنیت سے نااہل قراردیا جائے۔ارسلان افتخارکے مطابق عمران خان اب صادق اور امین نہیں رہے اور ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت کو معطل کیا جائے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :