حکومت کاروباری سرگرمیوں میں خواتین کی فعال شرکت بڑھانے کیلئے اقدامات کرے ‘ پیاف

جمعرات 24 جولائی 2014 13:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء) پیاف کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے حکومت پر زور دیا ہے کہ کاروباری سرگرمیوں میں خواتین کی فعال شرکت بڑھانے کے لیے اقدامات کرے اور پالیسی ساز اداروں اور کمیٹیوں میں ان کی شمولیت کو یقینی بنائے تاکہ اقتصادی ترقی اور معاشرے میں ہمہ جہت خوشحالی کے مقاصد حاصل ہو سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار پیاف کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے چیئرمین آفس میں کاروباری خواتین کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

ملک طاہر جاوید نے بتایا کہ پڑھی لکھی باصلاحیت خواتین کے لیے پیاف نے مضبوط پلیٹ فارم مہیا کر دیا ہے ۔ خواتین اپنے کاروباری ادارے چلانے کے ساتھ ساتھ چیمبر کی ایگزیکٹو ممبر اور عہدیدار بھی منتخب ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے خواتین کو تجویز دی کہ وہ ایسے کاروباری ادارے تشکیل دیں جن میں زیادہ افرادی قوت کو روزگار کے مواقع حاصل ہو سکیں تاکہ تعمیر وطن اور ملک سے بے روزگاری ختم کرنے میں خواتین کا کردار نکھر سکے ۔ ملک طاہر جاوید نے حکومت پر زور دیا ہے کہ بیرون ملک سرکاری سطح پر جانے والے وفود میں خواتین کی شمولیت اور تناسب کو بڑھایا جائے ۔