غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے شرمناک جنگی جرائم قابلِ مذمت ہیں، سعودی عرب،عالمی برادری اسرائیل کو فلسطینی راکٹ حملوں سے دفاع کے دعووں پر بے وقوف نہیں بننا چاہیے ،اقوام متحدہ میں سعودی سفیرعبداللہ المعلمی

بدھ 23 جولائی 2014 22:29

غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے شرمناک جنگی جرائم قابلِ مذمت ہیں، سعودی عرب،عالمی ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2014ء) سعودی عرب نے غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے شرمناک جنگی جرائم کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ عالمی برادری کو اسرائیل کے فلسطینی راکٹ حملوں سے دفاع کے لیے دعووں پر بے وقوف نہیں بننا چاہیے جبکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنر نے قراردیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی فوجی کارروائی جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہے۔

اقوام متحدہ میں متعین سعودی سفیر عبداللہ المعلمی نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے جب اسرائیل یہ کہتا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی جانب سے فائر کیے جانے راکٹوں کے جواب میں اپنا دفاع کررہا ہے تو اس پر بے وقوف نہیں بننا چاہیے۔انھوں نے کہاحقیقت یہ ہے کہ اسرائیل کے پاس ایک دفاعی نظام ہے اور وہ اپنی جانب آنے والے بیشتر راکٹوں کو پھٹنے سے پہلے ہی ناکارہ بنا دیتا ہے۔

(جاری ہے)

اب اسرائیل جو کچھ کررہا ہے،یہ اپنا دفاع نہیں ہے بلکہ ایک بڑا جارحانہ حملہ اور شرمناک جنگی جرائم ہیں۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمشنر نیوی پلے نے بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کہا ہے:''غزہ میں بین الاقوامی قانون کی بظاہر اس انداز میں خلاف ورزی کی گئی ہے جو جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہے۔انھوں نے حماس کی جانب سے اسرائیلیوں پر راکٹ حملوں کی بھی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیلی بچوں اور شہریوں کو بھی راکٹ حملوں کے خوف سے ماورا ہوکر رہنے کا حق حاصل ہے۔انھوں نے کہا کہ حماس اور دوسرے فلسطینی گروپوں کی جانب سے شہری علاقوں پر اس طرح کے غیر امتیازی حملوں میں تمیز اور انتباہ کے اصولوں کی واضح طور پر پاسداری نہیں کی جاتی ہے۔