تیسری بار وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بننے کیلئے پنجاب کی بجلی اور گیس کا سودا کر دیا گیا‘ چودھری پرویزالٰہی

بدھ 23 جولائی 2014 20:26

تیسری بار وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بننے کیلئے پنجاب کی بجلی اور گیس کا ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئرمرکزی رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بننے کیلئے پنجاب کی بجلی اور گیس کا سودا کر دیا گیا، نواز اور شہباز شریف نے صوبہ کے عوام کے مفادات کی بجائے اپنا مفاد سامنے رکھا، ان کے وزراء کے روزانہ جھوٹ بولنے سے بجلی نہیں آ سکتی، انہوں نے صوبہ کی صنعتوں کو دیوالیہ اور عوام کو بے حال کر دیا ہے، لاہور اور دیگر شہروں میں شدید گرمی اور ماہ رمضان میں تپتی سڑکوں پر حکمرانوں کے جھوٹے وعدوں کا ماتم کرنے والے محنت کشوں، تاجروں، دکانداروں اور روزہ داروں کو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی جانب سے نوٹس لینے کے بیانات نہیں بجلی چاہئے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے بجلی سے محروم عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نندی پور، اوچ، گدو اور ساہیوال وغیرہ میں ان کے پاور پراجیکٹس کی حقیقت بھی عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہے، پنجاب میں روزانہ بیس بائیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باعث صنعتیں و کاروبار بند اور چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے پراجیکٹ لگانے کا شور مچانے اور ان کا افتتاح کرنے والوں نے آج تک ایک میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل نہیں کی۔

چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب میں بجلی و گیس نہ ملنے سے دوسرے صوبوں کی نسبت صنعتوں کی بدترین صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور کی نسبت صنعتوں کیلئے بجلی کا ریٹ تقریباً دو گنا ہے لیکن اس کے باوجود بجلی نہیں ملتی، ان کے تمام تر اعلانات کے باوجود روزہ دار سحری و افطار میں بجلی سے محروم ہیں، محنت کش بیروزگار ہیں، کاروبار ختم ہو گئے ہیں اور سب مجبوراً سڑکوں پر آ کر احتجاج کر رہے ہیں جبکہ ہم نے اپنے دور میں محنت کشوں، تاجروں، صنعتکاروں سمیت عام آدمی کے مسائل کو ہمیشہ ترجیح دی، بجلی و گیس کے صنعتی، کمرشل اور رہائشی نرخ آج کی نسبت بہت کم تھے اور ان کی کوئی قلت بھی نہیں تھی۔