وزیراعظم اسرائیل کیخلاف فلسطینی عوام کاساتھ دیں،سراج الحق

بدھ 23 جولائی 2014 19:39

اوکاڑہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2014ء) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف 19کروڑ پاکستانیوں کے منتخب جمہوری وزیر اعظم ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اسرائیل کے خلاف میدان میں آئیں اور کھل کر فلسطین کے عوام کا ساتھ دیں ، پاکستان عالم اسلام کی باوقار ایٹمی طاقت ہے دنیا بھر کے مسلمان اور مظلوم فلسطینی پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں جماعت اسلامی جمعتہ الوداع فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم عزم اور اسرائیل کے خلاف یوم مذمت کے طور پر منائے گی ، امریکہ اسرائیل کی سرپرستی کر رہا ہے عالم اسلام کے حکمران بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحد ہو جائیں۔

ان خیالات کا ظہار وہ میڈیا سے دوران گفتگو میں کر رہے تھے ، اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع اوکاڑہ کے امیرڈاکٹر کیپٹن لیاقت علی کوثر ، سٹی امیر رضوان احمد ، شباب ملی اوکاڑہ کے صدر ملک محمد افضل اور دیگر عہدیدران موجود تھے ، جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق جب اوکاڑہ میں داخل ہوئے تو جماعت اسلامی اورشباب ملی کے ہزاروں کارکنوں نے جنرل بس سٹینڈ پر ان کا فقید المثال استقبال کیا ، اور انہیں بڑے جلوس کے ساتھ جلسہ گاہ میں لایا گیا ، اس موقع پر جذباتی کارکنوں نے نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ جو امریکہ اور اسرائیل کایار ہے غدار ہے فلسطینیوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ ۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مسلمان حکومتیں خاموشی توڑ کر اسرائیل کیخلاف آواز بلند کریں ، اسرائیل اس وقت امریکی پشت پناہی پر فلسطین کے بے گناہ شہریوں معصوم بچوں اور عورتوں پر ظلم ڈھا رہا ہے ، او آئی سی اور اقوام متحدہ یہودیوں کے آلہ کاربن چکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ حکمران امریکی غلامی چھوڑ کر اللہ کی بندگی اختیار کریں تو پاکستان کو عالمی قوت بننے میں دیر نہیں لگے گی ، سراج الحق نے کہا کہ قوم نے نواز شریف حکومت کومینڈیٹ مہنگائی لانے کے لیے نہیں بلکہ ان کے خاتمے کے لیے دیا تھا لیکن حکومت نے ایک سال میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے پانچ سالہ دور اقتدار کے برابر مہنگائی کر نے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے ، بجلی کی11,16گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے صنعتی پہیہ جام کر کے رکھ دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک منظم قوت ہے ، جو ملک کو اندھیروں سے نکالنے کے صلاحیت رکھتی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احتجاج ہر جماعت کا جمہوری اور سیاسی حق ہے اس میں روڑے نہیں اٹکائے جانے چاہیے۔