Live Updates

ملک حالت جنگ میں ہے فوج دہشتگردوں کی سرکوبی میں مصروف ہے عمران خان قوم کو تقسیم کر رہے ہیں سعد رفیق

بدھ 23 جولائی 2014 18:59

ملک حالت جنگ میں ہے  فوج دہشتگردوں کی سرکوبی میں مصروف ہے عمران خان ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک حالت جنگ میں ہے اور فوج دہشتگردوں کی سرکوبی میں مصروف ہے  عمران خان قوم کو تقسیم کر رہے ہیں۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ عمران خان کو مشورہ ہے کہ وہ آپریشن ضرب عضب پر قوم کو منقسم نہ کریں، یہ وقت متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کے بجائے ان کی دل جوئی کا ہے، کٹھن حالات میں عمران خان کس قسم کی سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ازبک اور چیچن جنگجوووٴں سے مذاکرات کی بات کرتے ہیں تاہم حکومت سے مذاکرات نہیں کرتے، حکومت کسی بھی مظاہرے کو روکنے کے لئے طاقت کے بجائے دانش سے کام لے گی تاہم پھر بھی پی ٹی آئی فوری طور پر فسادی مارچ ترک کرے۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کو وزیراعظم نواز شریف کے عمرہ پر بھی اعتراض ہے اور اس حوالے سے پروپیگنڈا کر رہے ہیں،سیاسی تنقید کے دوران انہیں حد سے نہیں گزرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یوم آزادی کے حوالے سے منعقد کی جانے والی تقریبات کا اعلان (آج) جمعرات کو کیا جائے گا۔خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ حکومت کسی بھی مظاہرے کو روکنے کے لئے طاقت کی بجائے دانش استعمال کریگی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑی جارہی ہے، عمران خان ان حالات میں لانگ مارچ کا اعلان واپس لیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چودہ اگست کو سب کو متحد ہونے کا مظاہرہ کرنا چاہئے، عمران خان فساد پھیلانے کا ایجنڈا ترک کر دیں اور وزیر اعظم اور دوسری جماعتوں کے ساتھ یوم آزادی کی تقریب میں شریک ہوں۔

ایک سوا ل کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہاکہ حکومت کسی کو طاقت کے ذریعے نہیں روکنا چاہتی ،ایک سال بعد عمران خان کو دھاندلی یاد آ گئی ،وہ وزیراعظم بننے میں ناکامی کا غصہ نکال رہے ہیں ، یہ وقت متاثرین شمالی وزیرستان کی دل جوئی کا ہے ، ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا نہیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :