گنگارام ہسپتال کے ایک اسٹور میں آگ بھڑک اٹھی،بھگدڑ مچنے سے دروازے کے شیشے ٹوٹ گئے

بدھ 23 جولائی 2014 15:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2014ء) لاہورمیں گنگارام ہسپتال کے ایک اسٹور میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث بھگدڑ مچنے سے دروازے کے شیشے ٹوٹ گئے ، آتشزدگی کے دوران گائنی ایمرجنسی وارڈکو مریضوں سے خالی کرا لیا گیا، ریسکیو ٹیموں نے کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پا لیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گنگارام ہسپتال گائنی ایمرجنسی وارڈ سے ملحقہ اسٹور میں استری چلتی چھوڑنیکی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی ۔

(جاری ہے)

آگ لگنے سے مریضوں اور ان کے لواحقین میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ کے باعث ہسپتال کے عقبی دروازے کے شیشے ٹوٹ گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کچھ دہی دیر میں آگ پر قابو پالیا ۔ واضح رہے کہ گنگا رام ہسپتال کے لیبر وارڈ میں ایک ہفتے کے دوران آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔اس سے قبل پچھلے ہفتے بھی گنگا رام ہسپتال کی گائنی ایمرجنسی وارڈ میں آگ لگی تھی۔