پاک بھارت خارجہ سیکرٹریز کی ملاقات اگست میں متوقع

بدھ 23 جولائی 2014 13:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2014ء) معطل امن مذاکرات کے مستقبل پر گفتگو کیلئے پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکرٹریز میں اگلے مہینے کے آخری حصے میں ملاقات متوقع ہے۔مئی میں پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بھارت ہم منصب نریندر مودی کے درمیان دہلی میں ایک ملاقات کے دوران سیکرٹری خارجہ کی سطح پر ملاقات پر اتفاق ہوا تھا تاہم اب تک دنوں ملکوں نے اس ملاقات کیلئے کوئی حتمی تاریخ طے نہیں کی، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ امن بات چیت کو نارمل بنانا کتنا پیچیدہ عمل ہے۔

یاد رہے کہ امن بات چیت گزشتہ سال جنوری سے معطل ہے اور ایک تجربہ کار پاکستانی سفارت کار نے عندیہ دیا کہ دونوں ملکوں کے نمائدے اگست کے آخری حصے میں ملاقات کر سکتے ہیں اس حوالے سے دونوں جانب کے سفارت کار مجوزہ تاریخوں پر غور کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفارت کار نے بتایا کہ ملاقات کیلئے حتمی تاریخ طے ہونے میں تاخیر کی وجہ دوسرے متنازعہ مسائل نہیں بلکہ شیڈولنگ معاملات آڑے آ رہے ہیں تاہم دہلی میں اس تاخیر کو دوسرے رخ سے دیکھا جا رہاہے۔

پچھلی مرتبہ پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کے یہ کہنے پر کہ ملاقات جلد متوقع ہے بھارت کی وزارت برائے خارجہ امور نے ردعمل میں کہا تھا کہ ملاقات سے پہلے دونوں ٹاپ سفارت کار بات چیت کریں گے۔بھارت کے ردعمل سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں سیکرٹری خارجہ کے درمیان جلد ملاقات کا امکان نہیں۔

متعلقہ عنوان :