اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 636 ہوگئی، جنگ بندی کیلئے بان کی مون تل ابیب پہنچ گئے

بدھ 23 جولائی 2014 13:27

اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 636 ہوگئی، جنگ بندی کیلئے ..

غزہ / مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23جولائی 2014ء) غزہ میں 16 روز سے جاری اسرائیلی بمباری کے باعث شہید فلسطینیوں کی تعداد 636 ہوگئی جبکہ جوابی کارروائی میں 31 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے، تاہم فریقین کے درمیان جنگ بندی کے لئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون مقبوضہ بیت المقدس پہنچ گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں اسرائیلی سفاکیت کو رکوانے کے لئے بان کی مون تل ابیب میں موجود ہیں جہاں انہوں نے اسرائیلی حکام سے اپیل کی کہ جنگ بندی کرتے ہوئے مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے،دوسری جانب سے طاقت کے نشے میں چور صیہونی حکومت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

ادھر حماس کی جانب سے فائر کیا گیا راکٹ تل ابیب ایئرپورٹ کے قریب جاگرا جس کے بعد امریکا اور یورپ نے اسرائیل کے لئے پروازیں منسوخ کردیں جبکہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو نے امریکی فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئےفیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے عائد پابندی ختم کروانے کے لئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے مدد مانگ لی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ پروازیں دوبارہ بحال کی جائیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 8 جولائی سے اسرائیل کی جانب سے جاری بمباری اور زمینی کارروائی کے بعد 3500 سے زائد نہتے فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ صیہونی فوج کی جانب سے مساجد، اسپتالوں اور اسکولوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

متعلقہ عنوان :