آزاد حکومت میرپور کے عوام کو ان کا حق دلانے میں ناکام ہو گئی ‘چوہدری مزمل حسین

بدھ 23 جولائی 2014 12:48

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2014ء)پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر سٹی میرپور کے عہدیداران چوہدری مزمل حسین اور چوہدری فاروق الزماں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آزاد حکومت میرپور کے عوام کو ان کا حق دلانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ واپڈا کی طرف سے بھیانک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ انتہائی تکلیف دے بن چکا ہے لوڈشیڈنگ کی اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو میرپور کے عوام انتہائی اقدام پر غور کر سکتے ہیں۔

واپڈا اور حکومت آزاد کشمیر میرپور کے عوام کا صبر کا امتحان لے رہے ہیں لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے عوام اپنے حق کیلئے سڑکوں کا رخ کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں بہت جلد واپڈا اور حکومت کے خلاف ایسا احتجاجی مظاہرہ سامنے آئے گا جس کو روکنے کی کوئی جرات نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں اپنے جاری کیے گئے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا اور حکومت میرپور کے عوام کے حقوق کا استحصال کر رہے ہیں رمضان المبارک میں کوئی دن ایسا نہیں گزرا جب واپڈا اور محکمہ برقیات کی طرف سے سخت ترین لوڈشیڈنگ نہ کی گئی ہو عوام سے رمضان المبارک کے مہینہ میں بھی بدعائیں لینے والوں کو شرم تک نہیں آرہی ہے ۔

میرپور کے عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ واپڈا اور حکومت آزاد کشمیر چاہتی کیا ہے میرپور کے عوام کا حق کیوں ادا نہیں کیا جارہااپنے آباداجداد کی قبروں اور جائیدادوں کی قربانیاں دینے والوں کیخلاف واپڈا کی طرف سے جو ظلم کیا جارہا ہے اس کے نتائج انتہائی دردناک ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ واپڈا نے ہر دفعہ میرپور کے عوام سے جو وعدے کیے ان کا استحصال کیا جا رہا ہے عوام نے ہر دفعہ اپنے حقوق کی جنگ سڑکوں پر لڑی ہے لیکن اس دفعہ جو جنگ لڑی جائے گی اس کے نتائج 81کی تحریک سے بھی زیادہ دردناک ہو سکتے ہیں اس دفعہ عوام انشاء اللہ کامیابی سے ہمکنار ہو گی ۔ اگر لوڈشیڈنگ درست نہیں نہ کی گئی تو آئندہ انشاء اللہ سڑکوں پر احتجاج کیلئے تیار ہو جائیں۔