سرکاری افسران حکومتی مشنری میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں‘سردار جاوید ایوب

بدھ 23 جولائی 2014 12:46

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2014ء)آزادجموں وکشمیرگزیٹیڈآفیسر ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما سردار جاوید ایوب نے کہا ہے کہ سرکاری افسران حکومتی مشنری میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں سرکاری افسران کے مسائل کو قانون وقاعدے اور ضابطہ کے اندر رہتے ہوئے حل کرانے کے لئے تنظیم کے پلیٹ فارم سے ہرممکن کوششیں کی جارہی ہیں ۔سرکاری افسران کے ٹائم سکیل ،ان کے رہائشی مسائل کے حل کے لئے ہاؤسنگ کالونیاں کا قیام،افسر فاؤنڈیشن کا قیام ، جی پی ایف ،ایچ بی اے ،کارایڈوانس اور بہبود فنڈز سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے کمیٹیاں قائم کردی ہیں ریاست کے جملہ افسران کو یکساں ترقیابی کے مواقع ملنا چاہیں اور ان کے چھوٹے موٹے مسائل بھی حل ہونے چائیں تاکہ وہ عوامی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

(جاری ہے)

ریاستی افسران عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہوکر غریب لوگوں کے مسائل حل کریں اور افسران عوامی مسائل کے حل میں اپنے ا ور عوام کے درمیان خلیج نہ بننے دیں بلکہ دفاتر میں لوگوں کے مسائل پیار ومحبت اور قانون وقاعدے کے مطابق حل کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے آزادجموں وکشمیرگزیٹیڈآفیسر ایسوسی ایشن ضلع میرپورکے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف وفاداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کی صدارت چیف انجینئر برقیات راجہ اعجاز احمد خان نے کی حلف برداری کی تقریب سے کمشنر میرپور ڈویژن سید ظہور الحسن گیلانی، گزیٹیڈآفیسر ایسوسی ایشن ضلع میرپورکے صدر محمد نذیر مغل ،سیکرٹری جنرل راجہ محمد فیاض خان نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں ڈی آئی جی پولیس خالد چوہان ،ریٹائرڈ چیف انجینئر برقیات طارق محمود ملک ،جملہ ضلعی افسران ، مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے نمائندگان نے بھی شرکت کی ۔

قبل ازیںآ زادجموں وکشمیرگزیٹیڈآفیسر ایسوسی ایشن کے مرکزی سردار جاوید ایوب نے ضلعی تنظیم کے عہدیداران سے حلف لیا اور انہیں تنظیم کے حوالے سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزادجموں وکشمیرگزیٹیڈآفیسر ایسوسی ایشن کے مرکزی سردار جاوید ایوب نے کہا کہ تنظیم کی کاوشوں سے سرکاری سروس ریٹائرڈ ہونے والے دس سے زائد افسران کی ملازمت میں توسیع نہیں ہوسکی جس کے باعث کئی سالوں سے ترقیابی کے انتظار کرنے والے افسران کو ترقیابی کے مواقع مل رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف اصولی اور قانون وقاعدے کے مطابق تھا جیسے حکومتی اتھارٹی نے تسلیم کیاجس پر تنظیم حکومت آزاد کشمیر کی شکرگزار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم کے پلیٹ فارم کو کسی افسر کے ذاتی ایجنڈے کے بجائے اجتماعی مفاد کے لئے استعمال کیا جائے گا ۔قانون وقاعدے کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا ۔افسران اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیں اورخود احتسابی کے نظام کو اپنے اوپر لاگو کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر میرپور ڈویژن سید ظہور الحسن گیلانی نے کہا کہ سرکاری افسران کا بنیادی مقصد عوام کی فلاح وبہبوداور عوامی خدمت کی تکمیل ہے ریاست کی طرف سے جو ان پر ذمہ داریاں عائد ہیں وہ نیک نیتی سے پوری ہونی چائیں جب ہم اپنے فرائض ٹھیک طریقے سے ادا کریں گے تو ہمیں اپنے حقوق بھی ہمیں مل جائیں گے۔کسی بھی ملک اور قوم کی ترقی میں افسران کا بنیادی کردار ہے ۔

ریاست کے جملہ افسران حکومتی پالیسوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گزیٹیڈآفیسر ایسوسی ایشن ضلع میرپورکے صدر محمد نذیر مغل نے کہا کہ تنظیم جریدہ افسران کا بنیادی مقصد افسران کے مسائل حل کرناہے ۔جملہ سرکاری افسران کی اصول مساوات کے مطابق پرموشن،ٹائم سکیل ،ہاوسنگ جیسے مسائل کے حل لئے بھرپور کوشش کی جائیگی اور ریاست میں قانون وضابطے کی عملداری میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

ضلعی باڈی کے انتخاب پر افسران نے جو بھاری اعتماد ان پر کیا ہے اس پر پورا اتراجائے گااور قانون وقاعدے کے اندر رہتے ہوئے افسران کے مسائل خوش اسلوبی سے حل کروائے جائیں گے اور افسران کی عزت نفس کو مقدم رکھاجائے گا۔افسران کو اپنی زمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانا ہونگی اور دفاتر میں آنے والوں سے بھی حسن سلوک سے پیش آنا چاہیے۔تقریب کے آخر میں تنظیم کے سیکرٹری جنرل راجہ محمد فیاض خان نے جملہ شرکاء کاشکریہ ادا کیا۔اس موقع پر شرکاء تقریب کے لئے پرتکلف افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیاتھا۔