محکمہ زکوة و عشر کی طرف سے مستحقین کو زکوة کی ادائیگی کا نظام تبدیل کرنے کا فیصلہ ،بنکوں کی بجائے ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کے ذریعے زکوة و دیگر فنڈزکی ادائیگی جائے گی،مستحقین کو ایزی پیسہ اور اسی طرح کے دیگر آؤٹ لیٹس کے ذریعے رقم ان کے گھر کی دہلیز پر حاصل کرنا ممکن ہو گا ،نئے طریقہ کار سے مستحقین کی مشکلات میں کمی ،بدعنوانی کا خاتمہ اور کم وقت میں ادائیگی کرنا ممکن ہو سکے گا،صوبائی وزیر زکوة و عشر کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے

منگل 22 جولائی 2014 23:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی۔2014ء)صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ مستحقین میں زکوة کی تقسیم کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے اور اسے جدید تقاضوں اور ماڈرن ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے - نئے نظام کے تحت مستحق افراد اپنی رہائش گاہ کے قریب ترین ایزی پیسہ شاپ یا اس جیسے دیگر آؤٹ لٹس کے ذریعے زکوة کی رقم وصول کر سکیں گے جس سے انہیں قطاروں میں لگنے کی زحمت بھی نہیں اٹھانا پڑے گی،انہوں نے یہ بات یہاں مستحقین میں زکوة کی فوری اور شفاف تقسیم کے حوالے سے منعقدہ ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی - اس موقع پر سیکرٹری زکوة وعشرحبیب الرحمن گیلانی اور ایڈمنسٹریٹر زکوة محمد یوسف بٹ کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے- صوبائی وزیر نے کہا کہ سابقہ طریقہ کار کے مطابق مستحقین کو بذریعہ بینک اکاؤنٹ زکوة فنڈ سے مدد فراہم کی جا تی تھی اور اس ضمن میں انہیں بینک اکاؤنٹ کھلوانے اور چیک کیش کروانے میں بارہا بنک کے چکر لگانے پڑتے تھے اور ضلعی زکوة کمیٹیوں کی طرف سے مقامی زکوة کمیٹیوں کو پرسنل لیجر اکاؤنٹ (PLA) کے چیک جاری کئے جاتے تھے اور ایک طویل طریقہ کار کے بعد مقامی زکوة کمیٹیوں کے اکاؤنٹ میں رقم ٹرانسفر ہوتی تھی- انہوں نے کہا کہ جدید طریقہ کار اختیار کرنے سے نہ صرف اصل مستحق تک رقم فوری اور شفاف طریقے سے پہنچانا ممکن ہو گا بلکہ انہیں بنکوں کے چکر بھی نہیں لگانا پڑیں گے اور بدعنوانی کا بھی خاتمہ ممکن ہو سکے گا ،ملک ندیم کامران نے کہا کہ محکمہ زکوة و عشر صوبہ بھر میں سب سے زیادہ وسیع پیمانے پر غریب و نادار افراد کو مالی امداد و طبی سہولیات فراہم کرنے والا ادارہ ہے اور سالانہ بنیادوں پر چھ لاکھ سے زائد مستحقین کو مختلف مدات میں مالی امداد مہیا کرتا ہے -انہوں نے کہا کہ مالی سال 2013-14 کے دوران محکمہ زکوة نے ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کے ذریعے 25 ہزار سے زائد مستحق طلبا و طالبات کو مختلف شعبوں میں فنی تعلیم فراہم کی ہے تاکہ وہ اپنا روزگار با عزت طریقے سے کما سکیں جبکہ دیگر مدات میں جن میں گزارہ الاؤنس ،ہیلتھ کیئر، گزارہ الاؤنس برائے نابینا افراد ، تعلیمی و دینی اداروں کے مستحق طلبا و طالبات کو بھی مالی امداد فراہم کر رہا ہے۔