الخدمت کے 279ایمبولینس کے بیڑے میں مزید 4گاڑیوں کا اضافہ

منگل 22 جولائی 2014 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی۔2014ء) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے 279یمبولینس کے بیڑے میں 4ایمبولینسوں کا مزید اضافہ ،الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے” اکنا ریلیف کینیڈا“ کے تعاؤن سے چار ایمبولینس الخدمت فاؤنڈیشن سندھ ،بلوچستان کے ذمہ داران کے حوالے کی،تین ا یمبولینس الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستا ن کے ذمہ دار عاصم علی اور سند ھ کے ضلع تھر کے لیے ایک ایمبولینس کی چابی نصیر انصاری کے حوالے کی گئی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل انجینئر عبد العزیز اور نائب قیم جماعت اسلامی کراچی راشد قریشی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے الخد مت کی جاری سرگرمیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ الخدمت کی ایمبولینس سروسز عام حالات میں مریضوں کو اسپتال لانے اور لے جانے میں اور ہنگامی حالات میں استعمال کی جاتی ہیں ،الخدمت نے کٹھن حالات میں عوام کی دادرسی کی ہے ،آئی ڈی پیز کے لیے الخدمت کی سر گرمیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،انہوں نے کہا کہ الخدمت کی کوشش ہوتی ہے کہ اس مقام پر پہنچا جائے جہاں عام حالات میں عوام کے لیے سہولیات نہیں ہوتیں ،سندھ اور بلوچستان میں عوامی ریلیف کے لیے ادارے نہ ہونے کے برابرہیں، اور وہاں کے عوام مریضوں کو اسپتال منتقل کرنے میں شدید پریشانی سے دوچار ہوتی ہے،انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان بھر کے بے کس ،مجبور اور لاچار لوگوں کے دلوں کی آواز ہے ۔