Live Updates

تحریک انصاف کی مجلس وحدت مسلمین کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت

منگل 22 جولائی 2014 18:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی۔2014ء) تحریک انصاف نے مجلس وحدت مسلمین کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دے دی جبکہ مجلس وحدت مسلمین نے لانگ مارچ کا خیر مقدم کرتے ہوئے حمایت اعلان کر دیا تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی دفتر میں مجلس کے سیکریٹری جنرل راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی اور انہیں 14 اگست کے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے نظریات میں ہم آہنگی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ہر اس جماعت کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے جو انتخابی دھاندلی کی مخالف اور انتخابی اصلاحات کی حامی ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے لانگ مارچ کے حوالے سے خورشید شاہ سے رابطے کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ لانگ مارچ سے متعلق خورشید شاہ کو کوئی یقین دھانی نہیں کرائی اس حوالے سے فیصلوں کا اختیار صرف کور کمیٹی کو حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ طاہر القادری سمیت کسی سے خفیہ روابط نہیں ہیں ،اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل راجہ ناصر عباس نے لانگ مارچ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ اگست کا مہینہ حکومت کے لیے خطرناک ہے، ساری اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف اکٹھی ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ، مسلم لیگ ق ، سنی اتحاد کونسل اور عوامی تحریک بھی حکومت مخالف تحریک چلائے گی اور چاروں جماعتوں کے کارکن حکومت کے خلاف پورے ملک سے نکلیں گے ۔ ناصر عباس نے کہاکہ حکومت ناکام ہو چکی ہے اور بوکھلاہٹ میں مجلس کے کارکنوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات