غزہ میں تباہی ، امریکہ فلسطینیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 47ملین ڈالر امداد دیگا،جان کیری

منگل 22 جولائی 2014 18:20

غزہ میں تباہی ، امریکہ فلسطینیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 47ملین ..

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی۔2014ء) امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے گزشتہ روز کہا ہے کہ امریکہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی کارروائی سے متاثرہ فلسطینیوں کی مدد کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 47ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے قاہرہ میں ملاقات کے دوران جان کیری نے کہاکہ ہمیں اپنا دفاع کرنے کے لئے اسرائیل کی موزوں اور جائز کوششوں کے نتائج کے بارے میں گہری تشویش لاحق ہے ۔

کیری نے میڈی ا نمائندوں کو بتایا کہ کوئی بھی ملک اس وقت خاموش نہیں رہ سکتا جب اس پر راکٹوں سے حملہ کیا جارہا ہو اور آپ کے ملک میں آنے کے لئے سرنگیں کھودی جارہی ہوں اور آپ کے وہاں پر حملہ کیا جارہا ہو۔تاہم کیری نے کہاکہ کسی بھی تنازعہ میں شہریوں کے بارے میں ،جن میں بچے ، عورتیں اور اس کی زد میں آنیوالی آبادیاں آتی ہیں ، کے بارے میں تشویش لاحق ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

فراہم کی جانیوالی رقم میں سے امریکہ فلسطینی پناہ گزینوں کے ادارے یو این آر ڈبلیو اے کو 15ملین ڈالر فراہم کرے گا تاکہ بحران کی وجہ سے اس کی ساٹھ ملین ڈالر امداد کی اپیل کا کچھ حصہ پورا کیا جاسکے ۔امریکی دفتر خارجہ کے مطابق بقایا 32ملین ڈالر بین الاقوامی ترقی کے لئے امریکی ادارہ کی طرف سے فراہم کی جائیں گے اس میں 10ملین ڈالر کی وہ امداد شامل ہے جو کہ پہلے ہی فلسطینیوں کے لئے مختص کردی گئی ہے لیکن اسے فوری ضروریات پورا کر نے کے لئے دوبارہ چینل کیا جائے گا ۔