(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی پارلیمانی سیکرٹری برائے توانائی محمد خرم گلفام 35سال کی عمر میں انتقال کر گئے

منگل 22 جولائی 2014 17:07

لاہور/نارنگ منڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی پارلیمانی سیکرٹری برائے توانائی و ممبر سپیشل کمیٹی محمد خرم گلفام 35سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے ،خرم گلفام کی گردن کے کے پچھلے حصے میں گلٹی کا معمولی آپریشن کیا گیا تھا جسکے بعد وہ قومے میں چلے گئے تھے ،خرم گلفام کے انتقال کی خبر انکے انتخابی حلقے میں جنگل میں لگی آگ کی طرح پھیل گئی اور (ن) لیگ کے رہنماؤں ‘کارکنوں اور عوام کی کثیر تعداد انکی رہائشگاہ پر پہنچ گئی ، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف ،اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید سمیت دیگر نے خرم گلفام کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ(ن) کی ٹکٹ پر پنجاب کے حلقہ پی پی162 شیخوپورہ Iسے دوسری بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے محمد خرم گلفام 1979ء میں شیخوپورہ پیدا ہوئے ۔انکے والد محمد گلفام اشرف بھی 1985-88کی اسمبلی میں رکن پنجاب اسمبلی رہ چکے ہیں ۔ خرم گلفام پیشے کے لحاظ سے وکالت اور زراعت کے شعبہ سے وابستہ تھے ۔ خرم گلفام موجودہ اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری توانائی اور سپیشل کمیٹی Iکے رکن بھی تھے جبکہ گزشتہ اسمبلی میں انہوں نے پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ خدمات سر انجام دیں۔

خرم گلفام 2005-08ء میں نائب تحصیل ناظم مریدکے بھی رہے ۔بتایا گیاہے خرم گلفام کی گردن کے پچھلے حصے میں ایک گلٹی تھی جس کا 9جولائی کو آپریشن کیا گیا تاہم اسکے بعد وہ قومے کی حالت میں چلے گئے اور انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا ۔ وزیراعلیٰ پنجا ب محمد شہباز شریف کی طرف سے انکے بہترین علاج معالجے کے لئے سینئر پروفیسرز پر مشتمل میڈیکل بورڈتشکیل دیا تھا تاہم انکی حالت میں بہتری نہ آ سکی اور وہ منگل کے روز سروسز ہسپتال میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔

خرم گلفام نے سوگوران میں بیوہ اور تین بچے چھوڑے ہیں۔خرم گلفام کے انتقال کی خبر انکے انتخابی حلقے میں جنگل میں لگی آگ کی طرح پھیل گئی اور (ن) لیگ کے رہنماؤں ‘کارکنوں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد انکی رہائشگاہ پر پہنچ گئی جبکہ کاروباری مراکز سوگ میں بند کر دئیے گئے ۔مرحوم کے خاندان نے کہاہے کہ خرم گلفام کی موت سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز کی غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ ہے ۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے ثقافت رانا محمد ارشد نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور خرم گلفام کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ارشد نے کہا کہ حکومتی سطح پر ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اس خرم گلفام کی موت کے اسباب کا جائزہ لے گی اور اگر اس میں کسی کی کوتاہی ثابت ہوئی تو سخت کارروائی کی جائے گی ۔