کراچی ،صدر مملکت ممنون حسین کی مشتاق احمد یوسفی اورپروفیسر دانشمند کی عیادت

منگل 22 جولائی 2014 17:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی۔2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے منگل کو شہرہ آفاق مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی اوراپنے استادپروفیسر دانشمند کی رہائش گاہوں پرجاکردونوں حضرات کی عیادت کی۔تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح صدر مملکت نے کراچی میں لیونگ لیجنڈ مشتاق احمد یوسفی کی ان کی رہائش گاہ پرعیادت کی ۔اس موقع پر صدرمملکت نے کہاکہ میں نے آپکی تمام کتابوں کا مطالعہ کیا اور نئی کتاب کا منتظر ہوں۔

مشتاق یوسفی نے بتایا کہ میری نئی کتاب شام شعر یاراں زیر ترتیب ہے،جو جلد منظر عام پر آجائے گی۔صدر مملکت نے کہاکہ ادیب معاشرے کا ایک ایسا کردار ہے جس کی کوئی جگہ نہیں لے سکتا،مشتاق احمد یوسفی جیسے لوگ پوری قوم کے لئے سرمایہ افتخار ہیں۔انہوں نے کہاکہ لوگوں نے مشتاق یوسفی صاحب کی تحریروں سے نہ صرف لطف اٹھایا بلکہ تربیت بھی حاصل کی۔

(جاری ہے)

بعدازاں صدرمملکت نے اپنے استاد اور آئی بی اے کے سابق سربراہ پروفیسر دانش مند کی بھی عیادت کی۔پروفیسردانشمند سے بات چیت کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہاکہ ادب اور تعلیم سے تعلق رکھنے والے لوگ قوم کا سرمایہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ قوم کو ایسے لوگوں کی عزت کرنی چاہئے اور استفادہ کرنا چاہئے،استاد اور ادیب معاشرے کے محسن ہوتے ہیں، ہمیں انکی قدر کرنی چاہئے۔ صدر مملکت نے کہاکہ جن لوگوں نے معاشرے کی تعلیم اور تہذیب کے لئے خدمات سر انجام دیں، معاشرہ انکا احترام کرے۔انہوں نے کہاکہ نئی نسل کو ان سے استفادہ کرکے علم و ادب میں نئی راہیں نکالنی چاہئیں۔