عیدالفطر تعطیلات، بینکوں کو بلاتعطل خدمات فراہم کرنے کی ہدایت

منگل 22 جولائی 2014 13:18

عیدالفطر تعطیلات، بینکوں کو بلاتعطل خدمات فراہم کرنے کی ہدایت

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22جولائی 2014ء) اسٹیٹ بینک نے اے ٹی ایم سے متعلق شکایات کے ازالے کیلیے بینکوں میں شکایتی مراکز اور ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بینکوں سے کہاہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران اے ٹی ایم سروس بحال رکھنے کیلیے مشینوں میں رقم کا مناسب اسٹاک مہیا کیا جائے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے بینکوں کو جاری کردہ سرکلرکے مطابق صارفین کو عید کی تعطیلات میں خدمات کی بلاتعطل فراہمی اور اے ٹی ایم میں رقوم کی چوبیس گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے، اے ٹی ایم میں ہارڈ ویئر یا سافٹ ویئر مسائل، بجلی کی عدم دستیابی اور نیٹ ورک و کنیکٹیوٹی سے متعلق مسائل کا بھی تدارک کیا جائے۔

بینکوں کو پابند کیا گیا ہے کہ اے ٹی ایم سے متعلق شکایات کے ازالے کیلیے خصوصی ہیلپ ڈیسک یا رابطے کے مرکز قائم کیے جائیں جہاں سے اے ٹی ایم سے متعلق مسائل کی چوبیس گھنٹے نگرانی اور شکایات کا ازالہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اے ٹی ایم سے متعلق شکایتی مراکز اور ہیلپ ڈیسک کے رابطے کے نمبر تمام اے ٹی ایم بوتھز میں آویزاں کیے جائیںاورانھیں عید کی تعطیلات سے قبل اخبارات کے ذریعے مشتہر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ اے ٹی ایم سے متعلق ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنیوالے بینکوں کیخلاف PS&EFT ایکٹ کے سیکشن 74کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔