سمندر میں امریکی بحریہ کی سربراہی میں جاری مشقوں پر نظر رکھنا حق ہے ‘چین

منگل 22 جولائی 2014 12:31

سمندر میں امریکی بحریہ کی سربراہی میں جاری مشقوں پر نظر رکھنا حق ہے ..

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی۔2014ء) چین نے کہاہے کہ سمندر میں امریکی بحریہ کی سربراہی میں جاری مشقوں پر نظر رکھنا اس کا حق ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی وزارتِ دفاع کے بیان کے مطابق دوسرے ممالک کے ساحلوں سے دور پانیوں میں چینی بحری جہازوں کا موجود ہونا بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے۔یاد رہے کہ بحرالکاہل کے کناروں کے قریب جاری ’رِمپیک‘ نامی ان مشقوں میں حصہ لینے کے لیے چین نے اپنی بحریہ کے ایک ہزار جوان بھیج رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

رواں سال امریکہ کی قیادت میں ہونے والی مشقوں میں 22 ممالک حصہ لے رہے ہیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ چین بھی ان مشقوں میں شامل ہے۔چینی جاسوسی کی خبروں کے بارے میں امریکہ نے اعتراف کیا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ جب مشقوں میں شریک ایک ملک نے ہماری سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے اپنی کشتی بھی سمندر میں اتاری ہے۔بحرالکاہل میں امریکی بحری بیڑے کے ترجمانِ اعلیٰ کیپٹن ڈیرن جیمز نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ 2012 کی رِمپیک مشقوں کی نگرانی کے لیے بھی چین نے اسی قسم کی بڑی کشتی سمندر میں تعینات کی تھی۔انہوں نے کہاکہ امریکہ نے ’اپنی اہم معلومات کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رکھے تھے۔