اسرائیل نے غزہ کے گلی کوچوں میں لاشیں بچھا دیں، شہدا کی تعداد 580 ہوگئی

منگل 22 جولائی 2014 11:24

اسرائیل نے غزہ کے گلی کوچوں میں لاشیں بچھا دیں، شہدا کی تعداد 580 ہوگئی

غزہ / مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22جولائی 2014ء) اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری بربریت کے دوران مزید 7 فلسطین شہید ہوگئے جس کے بعد 15 روز سے جاری صیہونی سفاکیت کے دوران شہادتوں کی تعداد 580 ہوگئی جبکہ حماس کی جانب سے جوابی کارروائی میں مزید 2 اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی جانب سے محصورین غزہ پر 15 روز سے جاری فضائی اور زمینی کارروائی کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 580 ہوگئی۔

صیہونی فوج نے تازہ کارروائی کرتے ہوئے مسجد اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بناتے ہوئے 70 حملے کئے جس میں 7 افراد کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ اس دوران متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ صیہونی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی تعداد نمایاں ہے جبکہ اقوام متحدہ نے بھی اس امر کی تصدیق کی ہے کہ صیہونی فوج کے حملوں میں 80 فیصد عام شہری شہید ہوئے۔

(جاری ہے)

حماس کی جانب سے اسرائیلی کارروائیوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 27 فوجی ہلاک کئے جاچکے ہیں جن میں 2 امریکی بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کے باعث ایک لاکھ سے زائد فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں آچکے ہیں جبکہ غزہ کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری قاہرہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی اور فریقین کو جنگ بندی کیلئے رضامند کرنے کی اپیل کی جبکہ انہوں نے غزہ کے لئے 47 ملین ڈالر امداد کا اعلان بھی کیا۔

اسرائیلی بربریت کا نشانہ بننے والے نہتے فلسطینیوں کی امداد اور تعمیر نو کے لئے 4 کروڑ 10 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا، اسی طرح ترکی میں اسرائیلی بربریت کیخلاف 3 روزہ یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 8 جولائی سے غزہ میں اسرائیلی سفاکیت کے دوران زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3350 سے تجاوز کرگئی جبکہ زمینی کارروائی کے دوران صیہونی فوج کی جانب سے مساجد اور اسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ۔

متعلقہ عنوان :