متحدہ عرب امارات، طیارے کی تباہی پر فضائی کمپنیوں کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کی تجویز

پیر 21 جولائی 2014 23:35

متحدہ عرب امارات، طیارے کی تباہی پر فضائی کمپنیوں کا مشترکہ اجلاس طلب ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جولائی۔2014ء) متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس ایئرلائن نے مسافر طیارے کی تباہی پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے لیے فضائی کمپنیوں کا ایک اجلاس منعقد کرنے کی تجویز دی ہے۔ میڈ یا رپورٹ کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں علاقائی تنازعات کی وجہ سے مسافر طیاروں کو درپیش خطرات کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔

اس فضائی کمپنی کے صدر ٹِم کلارک کا کہنا ہے: ”انٹرنیشنل ایئرلائن کمیونٹی کو ایک ہو کر ردِ عمل ظاہر کرنے کی ضرورت ہے، یہ کہنے کی ضرورت ہے کہ یہ قطعی ناقابلِ قبول اور جارحانہ ہے اور ہلاکت خیز علاقائی تنازعات کا نشانہ بننا برداشت نہیں کیا جائے گا جن کا ایئرلائنز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے خبر رساں ادارے روئٹرز کے ساتھ ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں مزید کہا کہ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آیاٹا) کو اس موضوع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس بلانی چاہیے جس میں اس بات پر غور کیا جائے کہ علاقائی عدم استحکام کا سامنا کرنے کے لیے فضائی سفر کی صنعت کو کیا تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

یوکرائن میں ملائیشین ایئرلائنز کے طیارے کی تباہی نے ایئرلائن انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ بہت سی فضائی کمپنیوں نے تو یوکرائن کی فضائی حدود استعمال کرنا ہی بند کر دی ہے۔ فضائی کمپنیوں کے مشترکہ لائحہ عمل سے متعلق مجوزہ اجلاس کے حوالے سے ردِ عمل جاننے کے لیے آیاٹا کے ترجمان سے فوری طور پر رابطہ ممکن نہیں ہو سکا، تاہم فضائی صنعت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ایئرلائنوں سے مشاورت جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :