کرایہ کیوں مانگا ہے؟ اسلام آباد پولیس کے اہلکار نے مالک مکان کو گولیوں سے چھلنی کر دیا،مالک مکان کے تین کمسن بچے فائرنگ سے بال بال بچ گئے، تھانہ مارگلہ پولیس کی پیٹی بھائی کو بچانے کوشش،متاثرین کا وفاقی وزیرداخلہ سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ

اتوار 20 جولائی 2014 01:21

کرایہ کیوں مانگا ہے؟ اسلام آباد پولیس کے اہلکار نے مالک مکان کو گولیوں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جولائی۔2014ء) کرایہ کیوں مانگا ہے؟ اسلام آباد پولیس کے اہلکار نے مالک مکان کو گولیوں سے چھلنی کر دیا،مالک مکان کے تین کمسن بچے فائرنگ سے بال بال بچ گئے۔تھانہ مارگلہ پولیس اپنے پیٹی بھائی ہیڈ کانسٹیبل محمد حنیف کمال کو بچانے کوشش،متاثرین کا وفاقی وزیرداخلہ سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔معلوم ہوا ہے کہ تھانہ کوہسار پولیس کے علاقہ سید پور ماڈل ویلیج میں کرائے کے تنازعے پر ہیڈکانسٹیبل محمد حنیف نے مالک مکان عبدالغفور کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا ہے۔

زخمی عبدالغور کے بھائی نے اس حوالے سے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ محمد حنیف گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصہ سے ان کے بھائی کے مکان میں کرائے پر رہائش پذیر ہے مگر گزشتہ کئی ماہ سے وہ انہیں کرایہ نہیں دے رہا اور مکان پر قبضہ کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ اتوار کی صبح ان کے بھائی نے حنیف کمال سے کرایہ مانگا تھا اور شام کے وقت چھ سوا چھ بجے قریب اس نے مکان کی چھت سے ان کے بھائی کو باہر بلایا اور اس پر فائر کھول دیئے جس سے تین گولیاں ان کی ٹانگوں میں لگیں جبکہ باقی فائر ان کے تین کمسن بچوں کے آس پاس سے گزر گئے جن سے وہ بال بال بچے۔

واقعہ کے بعد ملزم موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا اور عبد الغفور کو زخمی حالت میں پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ واقعہ کے بعد سے تھانہ مارگلہ پولیس نے ان پر دباوٴڈال رکھا ہے کہ ان کے ساتھ صلح کی جائے ورنہ اس کا انہیں مزید خمیازہ بھگتنا ہوگا۔متاثرہ خاندان نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے واقعہ کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔واقعہ سے متعلق ایس ایچ او تھانہ کوہسار انسپکٹر عبدالرحمن نے خبر رساں ادارے کو بتایاکہ دونوں فریقین کے درمیان مکان کے تنازعے پر پرانا جھگڑا چل رہا ہے مگر پولیس زخمی شہری کو مکمل انصاف فراہم کرے گی اور میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔