مسجد نبوی ، غیر ملکی خواتین سے ناروا سلوک کی شکایات

جمعہ 18 جولائی 2014 17:19

مسجد نبوی ، غیر ملکی خواتین سے ناروا سلوک کی شکایات

مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی۔2014ء)مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کیلئے آنے والی بہت سی عرب اور غیر عرب خواتین نے سعودی خواتین محافظوں کے نسل پرستانہ امتیازی سلوک کی شکایات کی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے دعویٰ کیا کہ انھیں زبردستی منبر رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے حجرے (کمرے) کے درمیان واقع مخصوص جگہ الروضہ الشریف (ریاض الجن ) پر چند منٹ کے لیے بھی ٹھہرنے نہیں ہونے دیا جاتا ہے اور اس کو زبردستی سعودی خواتین کے لیے خالی کرالیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

متعدد عرب زائرات کا کہنا تھا کہ مسجد نبوی کے اندر سعودی اور خلیجی خواتین کے لیے جگہوں کا مختص کیا جانا بالکل غیر منصفانہ ہے اور مسجد میں بیٹھنے کی جگہ کسی نسل اور قومیت کے بجائے پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر دی جانی چاہیے۔ایک مصری زائرہ زینب عبدالفضیل نے بتایا کہ وہ اور ان کی ساتھی خواتین جب الروضہ الشریف کی جانب بڑھیں تو وہ خوشی سے جھوم اٹھی تھیں مگر اس کے بعد پتا کیا ہوا۔سعودی خاتون نگران نے ہمیں سختی سے جھڑک دیا اور کہا کہ یہ کوئی شادی کی جگہ نہیں ہے حالانکہ ہم تو خوشی کا اظہار ہی کررہی تھیں۔