لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہوا تو پنجاب کی بجلی بند کردیں گے،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

بدھ 16 جولائی 2014 11:51

لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہوا تو پنجاب کی بجلی بند کردیں گے،وزیر اعلیٰ ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16جولائی 2014ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ اگر صوبے کو اس کا حق نہ ملا تو پنجاب کی بجلی بند کردیں گے۔ پشاورمیں بجلی کی غیراعلانیہ بندش کے خلاف احتجاج کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ بجلی کی بلا روک ٹوک فراہمی ہمارا حق ہے جو ہمیں نہیں مل رہا۔ ہمارا صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی، گیس اور تیل پیدا کررہا ہے لیکن ہمیں نہ تو بجلی ملتی ہے نہ ہی گیس دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا 3ہزار 500 میگا واٹ بجلی پیدا کرتا ہے اور صوبے کی ضرورت 2ہزار 400 میگا واٹ ہے، اس طرح ہم اپنی ضرورت سے 900 میگا واٹ بجلی زیادہ پیدا کرتے ہیں۔ کوٹے کے تحت صوبے کو 2ہزار میگا واٹ ملنی چاہیئے تھی لیکن ہمیں صرف 13سو میگا واٹ مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا 4 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی پیدا کرکے مرکز کو دے رہا ہے لیکن اس کے عوض ہم مرکز سے 16 سے 18 روپے فی یونٹ بجلی کی خرید رہے ہیں۔

پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ اگر واپڈا نے اپنا رویہ ٹھیک نہ کیا تو صوبائی حکومت ان کو دی گئی سیکیورٹی واپس لے لے گی۔ صوبائی حکومت کا کام سسٹم کو اپ گریڈ کرنا نہیں یہ ذمہ داری وفاق کی ہے۔ اگرایک ہفتے کے اندر اندر 5 گرڈ اسٹیشنز کے لئے 3 ارب روپے منظور نہ کئے تو نتائج کی ذمہ داری ہم پر نہیں ہوگی۔ اگر پنجاب ہماری گندم بند کرسکتا ہے تو ہم اس کی بجلی بھی بند کرسکتے ہیں۔