پیرامیڈیکل سٹاف نے ملازمین کو ریگولر کرنے کیلئے حکومت کو ایک ہفتے کا وقت دے دیا

پیر 14 جولائی 2014 19:56

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14جولائی 2014ء ) پنجاب پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر یوسف بلا اور جنرل سیکرٹری رحمت سندھو نے اعلان کیا ہے کہ اگر حکومت پنجاب نے وعدے کے مطابق درجہ چہارم کے ملازمین اور سکیل 5تا 16مس کیٹگریزٹیکنیکل سٹاف کے سروس سٹرکچراور بورڈ آف مینجمنٹ کے کنٹریکٹ ملازمین ، ڈیلی ویجز اور ورک چارج ملازمین کو ریگولر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا تو دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ہزاروں ملازمین عید الفطر اپنے بچوں کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کے باہر منائیں گے۔

اس بات کا فیصلہ گذشتہ روز سروسز ہسپتال میں منعقدہ ہنگامی اجلاس میں ہوا۔ اجلاس میں پنجاب بھر کے دیگر ہسپتالوں کے عہدیداران، میو ہسپتال سے تنویر بھٹی، جاوید چوہان، عبدالعزیز جٹ، چوہدری وسیم (لیڈی ویلنگڈن)، ارشد بٹ (سروسز ہسپتال)، شبیر چغتائی (جناح ہسپتال) نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یوسف بلا نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے 10جون 2012کو پیرامیڈیکل سٹاف کو مستقل کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی پیرامیڈیکس کے مسائل حل کرنے میں روڑے اٹکارہی ہے اگر 22جولائی تک ہمارے مسائل حل نہ ہوئے تو ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پر ہوگی۔