محکمہ زکوة و عشر پنجاب نے صوبہ کے تمام اضلاع کو رمضان و عید گرانٹ کے سلسلے میں 20 کروڑ 42 لاکھ28 ہزار روپے کا اجراء کر دیا

پیر 14 جولائی 2014 18:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14جولائی 2014ء) محکمہ زکوة و عشر پنجاب نے صوبہ کے تمام اضلاع کو رمضان و عید گرانٹ کے سلسلے میں 20 کروڑ 42 لاکھ28 ہزار روپے کا اجراء کر دیا ہے اور یہ رقوم متعلقہ اضلاع کے چیئرمین زکوة کمیٹیوں کے پاس پہنچ چکی ہے جو ان کو ایک ہفتہ کے اندر مستحقین تک پہنچانے کے پابند ہوں گے ۔ جاری کردہ رقوم سے 2 لاکھ 4 ہزار 228 مستحقین مستفید ہوں گے۔

صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران یہ بات آج یہاں رمضان و عید گرانٹ کے سلسلہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری زکوة وعشر حبیب الرحمن گیلانی ، ایڈمنسٹریٹر زکوة محمد یوسف بٹ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران کو سیکرٹری زکوة حبیب الرحمن گیلانی نے جاری کردہ رقوم بارے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور ڈویژن کو33,331,826روپے، گوجرانوالہ ڈویژن کو 31,710,149 روپے ، فیصل آباد ڈویژن کو 27,423,231 روپے ، راولپنڈی ڈویژن کو 18,473,761 روپے ، سرگودھا ڈویژن کو 15,755,867 روپے ، ساہیوال ڈویژن کو 14,876.776 روپے ، ملتان ڈویژن کو 23,433,815 روپے ،بہاولپور ڈویژن کو 21,181,392 روپے جبکہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کو 18,041,183 روپے کا اجراء کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اجلاس میں موجود افسران پر زور دیا کہ وہ صوبہ بھر کے ضلعی و لوکل زکوة کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور تمام فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کریں کہ وہ عید گرانٹ کی رقوم کو ایک ہفتے کے اندرمستحقین تک پہنچائیں اور اس تمام عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کریں ۔انہوں نے کہا کہ مستحقین تک عید گرانٹ کی فراہمی میں غفلت کا مرتکب پائے جانے پر بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :