دھابیجی کے قریب72 انچ قطر کی دوپائپ لائنیں پھٹ گئیں ،شرجیل انعام میمن کا نوٹس

پیر 14 جولائی 2014 18:18

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14جولائی 2014ء) دھابیجی کے قریب کراچی کو پانی سپلائی کرنے والی واٹر بورڈ کی دو مرکزی لائنیں پھٹ جانے سے شہر کو پانی کی یومیہ ساڑھے سات کروڑ گیلن کی فراہمی معطل ہوگئی ہے، آئندہ دنوں میں شہر میں پانی کے شدید بحران کا سامنا ہوسکتا ہے،وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کراچی واٹر بورڈ کی مین 72انچ کی پائپ لائن ٹوٹنے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ قطب شیخ کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی فراہمی اچانک معطل ہونے سے 72 انچ قطر کی دو مرکزی لائنیں پھٹ گئیں، جس سے کراچی کو پانی کی یومیہ ساڑھے 7 کروڑ سپلائی بند ہوگئی ہے۔ ایم ڈی کے مطابق لائنوں کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ایک لائن سے سپلائی 24 گھنٹے میں بحال ہوجائے گی جبکہ 72 انچ قطر کی دوسری لائن کی مرمت میں تین سے چار دن لگ سکتے ہیں۔

واٹر بورڈ حکام کے مطابق حب ڈیم سے شہر کو 10 کروڑ گیلن کی سپلائی پہلے ہی معطل ہے اور شہر میں پانی کی فراہمی کا ناغہ سسٹم لاگو ہے۔ حکام کے مطابق نئی صورتحال میں شہر کو پانی کے شدید بحران کا سامنا ہوسکتا ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط کریں۔دوسری جانب وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کراچی واٹر بورڈ کی مین 72 انچ کی پائپ لائن ٹوٹنے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ پائپ لائن کی فوری مرمت شروع کردی جائے۔ شرجیل میمن نے کہاکہ کراچی کے شہریوں کو کسی صورت رمضان المبارک میں پانی کی کمی نہ ہو اس کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی واٹر بورڈ کے ایم ڈی ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ 72 انچ لائن کے ٹوٹنے کی مکمل رپورٹ دیں،پائپ لائن ٹوٹنے کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے تو ان سے بھی باز پرس کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :