سندھ ہائیکورٹ نے انجمن ترقی اردو پاکستان کے صدر کے عہدے پر غیر معینہ مدت کے لیے حکم امتناع جاری کردیا

پیر 14 جولائی 2014 17:50

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14جولائی 2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے انجمن ترقی اردو پاکستان کے صدر کے عہدے پر غیر معینہ مدت کے لیے حکم امتناع جاری کردیا ۔درخواست گذار ڈاکٹر ظفر اقبا ل کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سید سعید الدین ناصر نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گذار کے وکیل عابد حسین ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا تھا کہ انجمن ترقی اردو پاکستان کے سابق صدر آفتا ب احمد خان نے 13جون کو ا یک خط کے ذریعہ اپنی علالت ظاہر کرتے ہوئے انجمن کے صدارتی اختیارات ڈاکٹر ظفر اقبال کے حوالے کردیئے تھے ۔

(جاری ہے)

29جون کو سابق صدر نے نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر اقبال اور انجمن کے خازن جاوید منظر کو معطل کردیا اور اخبارات میں خبریں بھی شائع کرادیں ۔انہوں نے کہا کہ آفتاب احمد خان نے کمشنر کراچی کو خط لکھا کہ ڈاکٹر ظفر اقبال اور جاوید منظر کرپشن میں ملو ث ہیں اس لیے ان کے خلاف تحقیقات کرائی جائے ۔جب آفتاب احمد خان اپنے عہدے کا چارج ڈاکٹر ظفر اقبال کو منتقل کرچکے ہیں تو وہ کیسے ان دونوں عہدیداروں کو معطل کرسکتے ہیں ۔عدالت نے ڈاکٹر ظفر اقبال اور جاوید منظر کو اپنے عہدوں پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے صدر کے عہدے کے خلاف حکم امتناع میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کردی ہے ۔