مریدکے، سنگدل جیٹھ نے مبینہ طور پرناجائز مراسم قائم کرنے سے انکار پربھابھی کوپانچ کمسن بھتیجے بھتیجیوں سمیت لوہے کی تاروں سے باندھ کر بجلی کا کرنٹ لگا دیا

پیر 14 جولائی 2014 16:10

مریدکے، سنگدل جیٹھ نے مبینہ طور پرناجائز مراسم قائم کرنے سے انکار پربھابھی ..

مریدکے(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14جولائی 2014ء) جی ٹی روڈ کھوڑی کی نواحی آبادی راجہ میں سنگدل جیٹھ نے مبینہ طور پرناجائز مراسم قائم کرنے سے انکار پربھابھی کوپانچ کمسن بھتیجے بھتیجیوں سمیت لوہے کی تاروں سے باندھ کر بجلی کا کرنٹ لگا دیا جس کے نتیجے میں تین کمسن بہن بھائی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کی بد قسمت ماں اور دو بچے لوڈشیڈنگ کے باعث موت کی وادی میں اترنے سے بچ گئے۔

ملز م نے سنگدلانہ واردات سے قبل تمام افراد کو نشہ آور مشروب پلایا اور بعد میں موت کا کھیل کھیل کر اسے دہشت گردی قرار دینے کی کوشش کی مگر زندہ بچ جانے والوں نے اس کا ڈرامہ فلاپ کر دیا۔ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر کامونکے کے نواحی علاقہ راجہ میں رمضان نامی درندے نے مبینہ طور پر ناجائز مراسم قائم نہ کرنے پرراولپنڈی میں محنت مزدوری کرنے والے اپنے چھوٹے بھائی اکبر کی بیوی رانی بی بی اور اس کے پانچ کمسن بچوں کو نشہ آور مشروب پلانے کے بعد ان کی ٹانگوں اور ہاتھوں پر آہنی تار لپیٹ کراس میں کرنٹ چھوڑ دیا۔

(جاری ہے)

چند لمحوں بعد لوڈ شیڈنگ کے باعث بجلی بند ہو گئی جس دوران چار، پانچ اور چھ سال کی عمر کے طیب، ایمان اور مہک موقع پر جاں بحق جبکہ ان کی ماں رانی بی بی، آٹھ سالہ منزہ اور چار سالہ حسن بے ہوش ہو گئے جنہیں ریسکیو1122 مریدکے کی ٹیم نے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے پہنچایا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جا تی ہے۔ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے تین بچوں کی نعشیں اور بجلی کے تار وغیرہ قبضہ میں لے لیے ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم اپنے چھوٹے بھائی کی غیر موجودگی میں مبینہ طور پر اس کی بیوی رانی بی بی کو ناجائز مراسم قائم کرنے پر مجبور کرتا تھا اور اس کا کہنا نا ماننے پر اس نے یہ خونی کھیل کھیلا۔ ملزم نے تمام خاندان کو بجلی کا کرنٹ لگا کر قتل کرنے کے بعد دہشت گردی کا ڈرامہ رچانے کا منصوبہ بنایا تاہم لوڈ شیڈنگ کے باعث رانی بی بی اور اس کے دو بچے زندہ بچ گئے جنہوں نے اس کا ڈرامہ بے نقاب کر دیا۔

تھانہ صدر کے انوسٹی گیشن انسپکٹر نصیر باجوہ نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے میں بے ہوش ماں بچوں کا میڈیکل حاصل کرکے ملزم کے خلاف تہرے قتل کے مقدمہ کی رپورٹ درج کر لی ہے۔ہوش میں آنے کے بعد ہسپتال میں رانی بی بی اپنے بچ جانے والے بچوں کو سینے سے لگا کر روتی رہی اور انہیں دوسرے بیڈ پر لٹانے کی بجائے اپنی ساتھ ہی لٹانے پر بضد رہی۔ لرزہ خیز واردات کے بعد علاقہ بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

متعلقہ عنوان :