وزیراعظم نے اربوں روپے مالیت کے پروجیکٹس کی منظوری دیتے ہوئے کراچی کی عوام کولاحق محرومیوں کاخاتمہ کردیا ‘ایس ایم منیر

پیر 14 جولائی 2014 15:55

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14جولائی 2014ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈا نڈسٹری کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر،کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین اورکاٹی کے صدر سید فرخ مظہر نے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے کراچی کو جدید ترین خطورپراستوارکرنے اورکراچی کی تعمیر وترقی کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں کے اعلان کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے اربوں روپے مالیت کے پروجیکٹس کی منظوری دیتے ہوئے کراچی کی عوام کولاحق محرومیوں کاخاتمہ کردیا ہے کیونکہ کراچی میں ٹریفک،پانی ،ٹرانسپورٹ،بجلی سمیت بڑہتی ہوئی آبادی کے مسائل نے عوام کو شدید ذ ہنی اذیت سے دوچارکردیاتھا۔

ایس ایم منیرنے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے کراچی کی اہمیت کو کھبی نظرانداز نہیں کیا ہے اسی وجہ سے وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں امن وامان کوترجیہی بنیادوں پربہتربنانے کے لیے متعد داجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اہم ترین اقداما ت کیے جسکے باعث امن وامان کی صورتحال میں بہتری رونما ہوئی جبکہ کراچی کی عوام کو بدترین ٹریفک نظام سے نجات دلانے کے لیے 15ارب روپے کی لاگت سے گرین لائن بس سروس منصوبے کے ساتھ ساتھ لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل کے لیے 6ارب روپے کی منظوری دیتے ہوئے عوام کو احساس محرومی سے نجات دلانے کا کام سرانجام دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بڑہتی ہوئی آبادی اور ضروریات کو مدنظررکھتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کم لاگت کی ہاوسنگ اسکیم کے بعد پانی ،ٹریفک اورٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطورپر استوارکرنے کے لیے وفاق سے اربوں روپے کی رقم فراہم کرنے کی منظوری دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف پروجیکٹس کے لیے اربوں روپے رقم دئیے جانے پر گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان بھی مبارکبادکے مستحق ہیں جنہوں نے انتھک محنت اورلگن کے ساتھ کراچی کی تعمیر وترقی کے لیے اپنا بھرپورکرداراداکیاہے ۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے کراچی کی صنعتوں اور عوام کودرپیش پانی کے سنگین مسائل کاخاتمہ کرنے کے لیے پانی سپلائی کے بڑے منصوبے K4کے لیے 12ارب روپے کی منظوری سے کراچی میں قلت آب پر قابو پایاجاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی منی پاکستان اورمعاشی حب ہے اور کراچی کی تعمیر وترقی کے لیے گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان کی کاوشوں کو بھی نظراندازنہیں کیا جاسکتا ہے جنہوں نے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں،علماء کرام ،شاعروادیبوں ،کھلاڑیوں،فنکارو ں ،تاجروصنعتکاربرادری اور حکمرانوں کے ساتھ اپنے باہمی رابطوں کوبحال رکھتے ہوئے کراچی کی رونقیں بحال رکھی ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے42ارب روپے کی لاگت کے ملیرموٹروے منصوبے(ایم نائن) پر کام شروع کرنے کے اعلان کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا کہ چندسالوں میں کراچی دنیا کے بہترین انفرااسٹرکچر رکھنے والے شہروں میں شامل ہوجائیگا اور تجارتی وکاروباری سرگرمیوں میں مزیداضافہ رونما ہوگا۔کاٹی کے صدر سید فرخ مظہرنے کہا کہ کراچی دنیا کے 80ممالک سے بڑا شہر ہے جس کے ذریعے عوام کو روزگاربھی مہیا ہوتا ہے اورملک کو 68فیصد سے زائد ریونیو بھی مل رہا ہے لہذا کراچی کی تعمیر وترقی کے لیے رقم مختص کرنا خوش آئند عمل ہے جس سے روزگارکے نئے مواقع پیدا ہونگے اور عوام کی معیا رزندگی میں بہتری رونما ہوگئی ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ، لاہور موٹروے پر ترقیاتی کام اگلے چند ماہ میں شروع کرنے کے اعلان سے شہروں اور صوبوں کے درمیان فاصلوں میں کمی ہوگی اور عوام کو سفر کی بہترین سہولیات میسرآسکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں توانائی بحران کوختم کرنے کے لیے گڈانی پاور پارک اور پورٹ قاسم کے دو پاور پروجیکٹ کی جلد تکمیل سے صنعتوں اور عوام کوسستی اوربلاتعطل بجلی مل سکے گی جسکے مثبت اثرات نمودارہونگے ۔

متعلقہ عنوان :