کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں 7 افراد جاں بحق، 4 ملزمان ہلاک

اتوار 13 جولائی 2014 15:23

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں 7 افراد جاں بحق، 4 ملزمان ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جولائی۔2014ء) امن کو ترسے شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ پولیس اور رینجرز کی کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان ہلاک ہوگئے۔نجی ٹی وی کے مطابق لانڈھی کے علاقے ملت ٹاﺅن میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ گلستان جوہر کے علاقے پہلوان گوٹھ کے ایک گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گولی لگنےسے 21 سالہ عدیل دم توڑگیا۔

لیاری کے علاقے بغدادی میں فائرنگ سے ایک شخص زندگی کی بازی ہارگیاـ قائد آباد میں جمعہ شاہ مزار کے قریب ایک شخص کی لاش ملی۔ گلبہار میں میڈیکل اسٹور پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، میمن گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص موت کی واد میں چلا گیا۔کورنگی کے علاقے الیاس گوٹھ میں بھی ایک شخص کو زندگی سے محروم کردیا گیا۔

(جاری ہے)

کلفٹن کے علاقے بوٹ بیسن میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ٹارگٹ کلر ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے ملزمان ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی کے دوران مقابلے میں داﺅد میمن اور عاصم ڈاڈا مارے گئے۔ ملزمان 20 سے زائد واردتوں میں ملوث اور گینگ وار سے تعلق رکھتے تھے۔

دوسری جانب رینجرزنے پرانی سبزی منڈی اور گارڈن میں کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 13 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ رینجرز ترجمان کے مطابق عثمان آباد سے گرفتار ہونے والے ملزمان کا تعلق کالعدم لیاری امن کمیٹی سے ہے۔ پی آئی بی کالونی میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کے دوران 14 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزمان سے منشیات اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :