پاکستان اور بیلاروس کا فوجی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار ،بیلا روس نے یکم ستمبر سے پاکستان میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کر دیا

اتوار 13 جولائی 2014 14:56

منسک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جولائی۔2014ء) پاکستان اور بیلاروس نے فوجی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور بیلا روس نے پاکستان کے دفاعی سازوسامان کی خریداری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے یکم ستمبر سے پاکستان میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کیا ہے ۔یہ اعلان بیلا روس کے وزیر خارجہ ولادی میر میکا ،وزیر دفاع اور دیگر حکام نے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے ملاقات میں کیا ۔

ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تکنیکی تعاون بڑھانے ے بارے میں امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔بیلا روس کے وزیر دفاع کو پاکستان میں دفاعی سازوسامان کی نمائش آئیڈیاز2014 میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی جو انہوں نے قبول کر لی ۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان نے دفاعی شعبے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔

(جاری ہے)

ہمارا تیار کردہ دفاعی سازوسامان اعلی معیار کا ہونے کے باوجود دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم قیمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے مل کر کثیر المقاصد جنگی طیارہ جے ایف تھنڈر تیار کیا ہے اور اس کی تیاری اس بات کاواضح ثبوت ہے کہ پاکستان جدید ترین دفاعی سازوسامان تیار کررہا ہے ۔اس موقع پر مقامی وزراء نے بتایا کہ بیلاروس یکم ستمبر سے پاکستان میں اپنا سفارت خانہ کھولے گا جس سے دفاعی سازوسامان کی خریداری سمیت دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :