نواز لیگ کے قائدین کے درمیان اندرونی اختلافات کی بنیادی وجہ پرویز مشرف ہیں، وزیرداخلہ ان کیلئے نرم گوشہ رکھتے ہیں دیگر وزراء کسی قسم کی رعایت دینے کے حق میں نہیں،تحفظات دور نہ ہو سکے،رپورٹ

اتوار 13 جولائی 2014 14:22

نواز لیگ کے قائدین کے درمیان اندرونی اختلافات کی بنیادی وجہ پرویز مشرف ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جولائی۔2014ء) نواز لیگ کے قائدین کے درمیان اندرونی اختلافات کی بنیادی وجہ پرویز مشرف ہیں جن کے بارے میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نرم گوشہ رکھتے ہیں جبکہ کئی دیگر وزراء انہیں کسی قسم کی رعایت دینے کے حق میں نہیں۔ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق چوہدری نثار علی خان کو صلح کے باوجود چند وزراء کے حوالے سے تحفظات ہیں‘ رپورٹ کے مطابق جب عمران خان حکومت مخالف تحریک کا اعلان کررہے تھے تو ٹھیک اس وقت مسلم لیگ (ن) کے اہم عہدیدار دست و گریباں تھے۔

(جاری ہے)

کیپٹن صفدر کا منظر سے غائب ہوجانا معنی خیز ہے نواز لیگ کے متعدد ارکان اسمبلی کو گلہ ہے کہ وزیراعظم انہیں وقت نہیں دیتے‘ چوہدری نثار اور اسحق ڈار کے درمیان اختلافات کی خلیج اب بھی قائم ہے۔ وزیر داخلہ کو شکوہ ہے کہ انہیں اہم نوعیت کے فیصلوں میں شامل نہیں کیا جاتا۔ ان کے تحریک انصاف سے رابطوں کی خبریں بھی عام ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چند وزراء کا خیال ہے کہ چوہدری نثار پرویز مشرف کے حوالے سے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ پرویز رشید‘ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ آصف نہیں چاہتے کہ رات کے اندھیرے میں پرویز مشرف ملک سے باہر چلے جائیں۔ عیدالفطر کے بعد سیاسی حالات میں مزید بھونچال آنے کا بھی امکان ہے۔