صیہونی فوج کی غزہ میں فضائی کے بعد زمینی کارروائی، 6 روز میں ہلاکتوں کی تعداد 154 ہوگئی

اتوار 13 جولائی 2014 12:38

صیہونی فوج کی غزہ میں فضائی کے بعد زمینی کارروائی، 6 روز میں ہلاکتوں ..

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جولائی۔2014ء) بے لگام اسرائیلی فوج نے غزہ میں فضائی کارروائی کے بعد زمینی کارروائی کا بھی آغاز کردیا جبکہ 5 روز سے جاری اسرائیل کی سفاکیت کے دوران 150 سے زائد نہتے فلسطینی شہید اور 800 سے زائد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صیہونی فوج کی جانب سے غزہ میں گزشتہ 5 روز سے جاری بربریت کے دوران 154 معصوم شہریوں کی شہادت کے باوجود خون کی پیاسی اسرائیلی فوج نے زمینی کارروائی کا بھی آغاز کردیا جس میں 20 ہزار فوجی حصہ لے رہے ہیں۔

گزشتہ 5 روز سے جاری اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان جھڑپوں کے دوران صیہونی فوج نے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا جس میں خواتین اور معصوم بچوں سمیت 154 افراد شہید اور 800 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔اسرائیلی فوج کے جاری بیان کے مطابق شمالی غزہ میں زمینی کارروائی کی گئی جبکہ مزاحمت پر 4 فوجی معمولی زخمی ہوگئے جبکہ غزہ کا محاصرہ کرتے ہوئے زمینی کارروائی میں تیزی لائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اسرائیل کے انتہا پسند وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے غزہ میں کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ حماس کے تعاقب میں جاری آپریشن میں کوئی عالمی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا اور فوجی کارروائی اہداف کے حصول تک جاری رہے گی جبکہ اس موقع پر خاموش تماشائی اقوام متحدہ نے فریقین کو جنگ بندی پر زور دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :