لاہور ہائیکورٹ کے تین جج صاحبان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں ،پنجاب حکومت نے سکیورٹی بڑھادی

ہفتہ 12 جولائی 2014 16:43

لاہور( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 12جولائی 2014ء) لاہور ہائیکورٹ کے تین جج صاحبان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں ملی ہیں جس کے بعدپنجاب حکومت نے جج صاحبان کی سکیورٹی بڑھادی ہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق تینوں جج صاحبان کو نامعلوم افراد کی طرف سے ٹیلیفون پردھمکیاں دی گئی ہیں جبکہ کالعدم تنظیموں کی جانب سے دھمکی آمیز خطوط بھی ملے ہیں ۔دھمکیاں ملنے کے بعد پنجاب حکومت نے جج صاحبان کی سکیورٹی بڑھادی،جج صاحبان کے ساتھ اضافی کمانڈوز تعینات کر دئیے گئے ۔

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے عدالت عالیہ کے معزز جج صاحبان کو ملنے والی دھمکیوں پر انتہائی غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز میں ہر طرف لاقانونیت، دہشت و بربریت اور قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک مشترکہ بیان میں لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شفقت محمود چوہان ، نائب صدر عامر جلیل صدیقی ،سیکرٹری میاں محمد احمد چھچھر اور فنانس سیکرٹری میاں محمد اقبال نے کہا ہے کہ ارباب اختیار خواب خرگوش کا شکار ہیں اور نا صرف عام شہری بلکہ مظلوم عوام کو انصاف فراہم کرنے والے معزز جج صاحبان اور وکلاء کی زندگیاں بھی محفوظ نہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں لاہور ہائیکورٹ کے تین معزز جج صاحبان کو مسلسل مختلف ذرائع سے دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن حکومت پنجاب سے پر زور مطالبہ کرتی ہے کہ مذکورہ جج صاحبان کے جان و مال و اہل و عیال کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ اس حوالہ سے کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت ہرگز برداشت نہ کی جائے گی۔