بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیلئے پاورپلانٹس لگائے جارہے ہیں ،چارسالوں میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائیگا‘ وزیر خزانہ پنجاب

ہفتہ 12 جولائی 2014 15:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 12جولائی 2014ء) وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت صنعت و تجارت کے فروغ کے لئے سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے اورلوڈشیڈنگ میں کمی کے لئے ہنگامی بنیادوں اوردیرپا حل کے لئے انرجی سیکٹر میں پاور پلانٹس لگائے جارہے ہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں اور تاجروں کے لئے حکومت نے وسیع مواقع فراہم کئے ہیں، صنعت و تجارت کے فروغ کے لئے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کی خاطر نجی و سرکاری شعبہ میں پاورپلانٹس لگائے جارہے ہیں اور چارسالوں میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

پارٹی ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن 28فیصد پراپرٹی ٹیکس اور 54فیصد موٹروہیکلز ٹیکس جمع کرتا ہے جبکہ پراپرٹی ٹیکس کا حصہ زیادہ اور موٹروہیکلز ٹیکس کا حصہ کم ہونا چاہیے اور اس کی وجہ چودہ سال سے پراپرٹی ٹیکس کا سروے نہ ہونا بھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت اور بہتر نگرانی کے لئے ٹیکس کی چوری کا سد باب کیا جائے گا اور حکومت کے ان اقدامات سے کم از کم 15 ارب روپے اضافی ٹیکس حاصل ہو گا۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ ٹیکسز میں اضافہ یا نئے شعبوں کو ٹیکسیشن میں شامل کرتے وقت عام آدمی کی مشکلات کو مدنظر رکھا جارہا ہے اور صرف صاحب حیثیت افراد اور شعبوں پر ٹیکس بڑھایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑی گاڑیوں، پر تعیش اور وسیع وعریض گھروں پر ٹیکس سے ہونے والی آمدنی کو بے گھر اور کم وسیلہ افراد کے لئے گھروں کی تعمیر پر صرف کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :