ملک کسی لانگ مارچ کا متحمل نہیں ،ملک و قوم کو قومی مفاہمت کی ضرورت ہے ،محمداعجاز الحق

ہفتہ 12 جولائی 2014 14:43

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 12جولائی 2014ء) مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ ،رکن قومی اسمبلی محمداعجاز الحق نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کسی لانگ مارچ کا متحمل نہیں بلکہ ملک و قوم کو اس وقت قومی مفاہمت کی ضرورت ہے اور تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو یکجا ہو کر مہاجرین کی بحالی کے لئے لانگ مارچ کرنا چاہیے کیونکہ ملک اس وقت نازک ترین دور سے گزر رہا ہے ۔

وزیر اعظم اس مسئلہ پر بلاتا خیرقومی یکجہتی کانفرنس بلوائیں اور تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر ملک و قوم کی خوشحالی اور ترقی کے لئے مثبت فیصلے کریں۔عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب روانگی سے قبل مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد اعجاز الحق نے کہا کہ دنیا کے سب سے زیادہ مہاجرین پاکستان میں ہیں،شمالی وزیرستان کے 6لاکھ سے زائد آئی ڈی پیز اس بابرکت مہینے میں امداد کے لئے قوم کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک کے سب سے بڑے انقلاب کے لئے ایسا ماحول پیدا کرنا ہو گا کہ یہ مہاجرین اور متاثرین اپنے گھروں کو واپس جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی میں ہی ہم سب کی سلامتی ہے،ہمیں ایسا کوئی بھی ماحول پیدا کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے جس سے دنیا بھر میں ہماری جگ ہنسائی ہو۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن ریفامرز کے لئے پارلیمنٹ کے اند رجو کمیٹی بنائی گئی ہے اس کو سب جماعتوں نے قبول کیا ہے اور اسکا فیصلہ بھی پارلیمنٹ کے اند ہی ہونا چاہیے،سڑکوں پر آنے سے جمہوریت کو نقصان تو ہو سکتا ہے لیکن فائدہ کسی کو نہیں۔

متعلقہ عنوان :