سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے فون پر گفتگو، ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

ہفتہ 12 جولائی 2014 12:43

لندن(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 12جولائی 2014ء) سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے فون پر گفتگوکی اوران سے ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ یوسف رضاگیلانی نے الطاف حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کیلئے نیک جذبات کااظہارکیا۔سابق وزیراعظم نے قومی امورکے بارے میں الطا ف حسین کے تبصروں اورخیالات کونہایت مثبت اور درست قراردیا۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے بھی یوسف رضاگیلانی کے لئے نیک جذبات کا اظہارکیا اورکہاکہ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کرملک اورجمہوریت کے فروغ کیلئے کام کرناچاہیے ۔ الطاف حسین نے یوسف رضاگیلانی سے ان کے صاحبزادے کے اغوااورکافی عرصہ گزرجانے کے باوجود بازیاب نہ کئے جانے پر اپنی تشویش کااظہار کیااور ان سے دلی ہمدردی کااظہارکیا۔انہوں نے یوسف رضاگیلانی کے صاحبزادے کی جلد بازیابی کیلئے دعابھی کی۔ الطاف حسین نے جنرل پرویزمشرف کے بارے میں آج حقائق بیان کرنے پر سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کوزبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ ہمیشہ سچائی سے کام لیتے ہیں اورآپ نے آج بھی جوحقائق بیان کئے ہیں وہ درست ہیں اور میں آپ کوسچائی بیان کرنے پرخراج تحسین پیش کرتاہوں۔