پنجاب بھر میں سی این جی کی سپلائی میں ایک دن کا اضافہ کر دیا گیا،شاہد خاقان عباسی،سی این جی دو کے بجائے تین دن تک روزانہ آٹھ گھنٹے دستیاب ہو گی،ایل این جی کی درامد سے سی این جی سیکٹر کے مسائل ختم ہو جائینگے،غیاث عبداللہ پراچہ اور تنظیم کے مرکزی چئیرمین پرویز خان خٹک سے ملاقات

جمعہ 11 جولائی 2014 20:05

پنجاب بھر میں سی این جی کی سپلائی میں ایک دن کا اضافہ کر دیا گیا،شاہد ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جولائی۔2014ء) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہدخاقان عباسی نے پنجاب بھر میں سی این جی کی سپلائی میں ایک دن کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اگلے ہفتے سے پنجاب میں سی این جی ہفتے میں دو کے بجائے تین دن تک روزانہ آٹھ گھنٹے دستیاب ہوگی اور سپلائی کو عید سے قبل مزید بہتر بنایا جائے گا۔اس بات کا فیصلہ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہدخاقان عباسی،چئیرمین سپریم کونسل اے پی سی این جی اے غیاث عبداللہ پراچہ اور تنظیم کے مرکزی چئیرمین پرویز خان خٹک کے مابین ایک اہم ملاقات کے دوران کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی ترقی میں سی این جی شعبہ کی اہمیت سے انکار ناممکن ہے۔ حکومت سی این جی شعبہ کو بند نہیں کرنا چاہتی مگر قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے دورانیہ میں کمی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

طلب زیادہ اور رسد کم ہے جبکہ گیس کی تقسیم میں کسی شعبہ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔انھوں نے کہا کہ ہفتے میں دو دن گیس سپلائی سے عوام کے مسائل میں اضافہ ہوا جبکہ سی این جی مالکان خرچے پورے کرنے کے قابل نہیں رہے اسلئے دورانیہ میں ایک دن کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلہ میں تفصیلی شیڈول ایک دو دن میں جاری کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر شاہدخاقان عباسی نے غیاث پراچہ اور پرویز خٹک سے سی این جی شعبہ کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیل سے بات چیت کی جبکہ اس سیکٹر کے مسائل کے طویل المعیاد حل میں خصوصی دلچسپی لی۔انھوں نے کہا کہ ایل این جی جلد از جلد درامد کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے تاکہ توانائی بحران میں کمی آئے اور سی این جی ہفتہ میں سات روز دستیاب ہو۔