سپیکر قومی اسمبلی کے اعزاز میں برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کا افطار ڈنر ،اسپیکر کی دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن کی کانفرنس میں برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین کو شرکت کی دعوت

جمعہ 11 جولائی 2014 20:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جولائی۔2014ء) برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستان کے پارلیمانی وفد کے اعزاز میں افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا ۔ برطانیہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اس تقریب میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان کے ہائی کمیشن کی مہمان نوازی اور ان کے وفد کے لیے دورہ کے دوران فراہم کی جانے والی سہولیات پر شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے اس دورے کی افادیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران پاکستان اور برطانیہ کے پارلیمانی وفود کے درمیان تبادلہ خیال ، ورکشاپ اور سیمینار کے انعقاد سے بڑے مفید اور گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے ستمبر ،2015میں پاکستان میں منعقد ہونے والی دولت مشترکہ کی پارلیمانی ایسوسی ایشن کی کانفرنس کی میزبانی کا ذکر کرتے ہوئے برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین کو شرکت کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کانفرنس کے دوران برطانوی ارکان پارلیمان کو پاکستان کو حقیقت میں دیکھنے اور جانچنے کا موقع ملے گا جو کہ اس سے بالکل برعکس ہوگا جس کی عکاسی عالمی میڈیا کے ذریعے کی جاتی ہے۔ سردار ایاز صادق نے اپنے قیام کے دوران برطانوی دارالعوام اور دار الاامراء کے اسپیکر ز سے ملاقات کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران ایک دوسرے کے خیالات اور تجربات سے آگاہی کا موقع ملاہے اور ہم نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مستقبل میں بھی پارلیمانی سطح پر تعاون کو جاری رکھا جائے گا۔

قائم مقام ہائی کمیشنر محمد عمران مرزا نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے دوروں سے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملتا ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کے برطانیہ کے پہلے سرکاری دورہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان بڑے مثبت اور دور رس نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ تقریب میں پاکستان اور برطانیہ کے ارکان اسمبلی سمیت برطانیہ میں موجود پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی نے دولت مشترکہ کے پارلیمانی ایسوسی ایشن کی جنوبی ایشیائی خواتین کی ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ کی پارلیمانی ایسو سی ایشن اور پاکستان کی وومن پارلیمنٹری کاکس دنیا بھر میں خواتین کے حقوق کے فروغ اور باہمی تعاون کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔