حکومت کی ناکامی کا مقصد یہ نہیں کہ اسے ختم کر دیا جائے ،خورشید شاہ

جمعہ 11 جولائی 2014 15:52

حکومت کی ناکامی کا مقصد یہ نہیں کہ اسے ختم کر دیا جائے ،خورشید شاہ

سکھر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2014ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلافخورشید شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو ختم کرانے کی بجائے اسے اپنی مدت پوری کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔جمعہ کے روز سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان پارلیمنٹ کا حصہ ہیں اور انہیں چاہیے کہ پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم کے ذریعے تمام معاملات کو حل کیا جائے اور بطور سیاسی لیڈر ملکی معاملات کو پارلیمنٹ کے ذریعے ہی حل کرانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اپنے حقوق کی خاطر آواز اٹھانی چاہیے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے اسے ختم کر دیا جائے بلکہ موجودہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے کا موقع دینا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کس انقلاب اور کس ایجنڈے کی بات کررہے ہیں ۔انقلاب کو پیپلز پارٹی پہلے ہی آمریت کے خلاف لا چکی ہے اور پیپلز پارٹی نے تو جمہوری انقلاب کے ذریعے ڈکٹیٹر کو مستعفی ہونے پر مجبور کیا۔

وزیر اعظم کے دورہ کراچی کے دوران ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کے ذریعے دونوں جماعتوں میں ماحول بہتر ہوا ہے اور شاہد پھر دونوں جماعتیں بھائی بھائی بن جائیں۔ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پہلے بھی کراچی کے کافی دورے کئے اور دوروں کے دوران نواز شریف کے کئے گئے اعلانات پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا لیکن اب وزیر اعظم کے سندھ کے حوالے سے فیصلوں پر عمل ہونا چاہیے۔