خیبرپختونخوا حکومت کا بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کا اعلان

جمعہ 11 جولائی 2014 15:38

خیبرپختونخوا حکومت کا بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کا اعلان

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2014ء) خیبرپختونخوا حکومت نے طول لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا نے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو بھی دعوت دی کہ وہ بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں اور جلسوں میں شرکت کریں۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بھی مزے کے ہیں، کچھ مانگو تو دینے کے بجائے الٹا مانگنے لگ جاتے ہیں، اگر ہم سیدھے سادھے ہیں تو اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ ہمیں بیوقوف بنانے کی کوشش کی جاتی رہے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے کراچی کو 80 ارب روپے دے دیئے لیکن لواری ٹنل کے لئے انہوں نے کے پی کے حکومت کو کچھ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ کے پی کے حکومت کسی کے خلاف نہیں جارہی، عام انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی اس لئے سسٹم کی بہتری چاہتے ہیں، انتخابی اصلاحات سے دھاندلی ختم ہوجائے تو اعتراض نہیں ہوگا۔

پرویز خٹک نے مزید کہا کہ کے پی کے حکومت تمام محکموں میں اصلاحات لا رہی ہے، جب حکومت ملی تو صوبے میں تمام کام بگڑا ہوا تھا ایک سال سے تحریک انصاف کے منشور پر کامیابی سے عمل جاری ہے اور امید ہے کہ 5 سال میں صوبے کا نقشہ بدل دیں گے۔