کراچی، بھتہ خوری،شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ایک بار پھر بے پناہ اضافہ

جمعہ 11 جولائی 2014 13:10

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2014ء) کراچی میں بھتہ خوری،شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ایک بار پھر بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے،رواں سال کے آغاز سے اب تک تقریباً448بھتہ خوری اور78 شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی شکایات درج کرائی گئی ہیں۔آل کراچی تاجراتحاد کے چیئرمین عتیق میر کاکہناہے کہ صورتحال اتنی خراب ہوگئی ہے کہ بازاروں کی انجمنیں ماہانہ بنیادوں پر بھتے کی رقم جمع کرکے خاموشی سے ملزمان کو دے دیتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عید توسب کی ہوتی ہے تو پھر بھتہ خور کیسے پیچھے رہ جائیں، بات تو سچ ہے لیکن بات ہے رسوائی کی !!! جی ہاں بات واقعی رسوائی کی ہے کیونکہ بھتہ خوری کی وارداتیں ایک بار پھر گمبھیر صورتحال اختیار کرچکی ہیں۔ صرف بھتہ خوری کی ان وارداتوں کا جائزہ لیا جائے تو جنوری میں ان شکایات کی تعداد 75تھی،فروری میں 82،مارچ میں 93،اپریل میں 84، مئی میں 78، جون میں 61اور جولائی میں اب تک درجن بھر سے زاید شکایات درج کروائی جاچکی ہیں۔

(جاری ہے)

عتیق میر نے کہاکہ بھتہ خوراتنے منظم ہوچکے ہیں کہ اب بازاروں کی انجمنیں ماہانہ بنیادوں پر بھتے کی رقم جمع کر کے ملزمان کے حوالے کردیتی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بھتے سے سب سے زیادہ متاثر اولڈ سٹی ایریا ہے جہاں 100سے زیادہ بازار ہیں، ان بازاروں کی انجمنیں ماہانہ 300 روپے سے ایک لاکھ روپے تک جمع کر کے ملزمان کو دیتی ہیں ایسا نہ کرنے پریا تو دھمکیاں دی جاتی ہیں یا پھر دستی بم حملے اور فائرنگ کردی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں بھی اضافہ ہوا ہے تاہم یہ ایک ایسا جرم ہے جس کی شکایت شاید ہی کبھی کی گئی ہو، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کی بات کی جائے تو جنوری میں 14،فروری میں 12،مارچ میں9،اپریل میں 15،مئی میں 13،جون میں 14اور جولائی میں ایک شکایت درج کی گئی ہے ،گاڑیاں اور موٹرسائیکلوں کے چھینے یا چوری کیے جانے کی وارداتوں کا جائزہ لیا جائے تو جنوری میں 340گاڑیاں اور 1734موٹرسائیکلوں سے شہری محروم کردیے گئے۔

فروری میں 350گاڑیاں، 1609موٹرسائیکلیں، مارچ میں 377گاڑیاں، 1986موٹرسائیکلیں، اپریل میں 259گاڑیاں، 1677موٹرسائیکلیں، مئی میں 300گاڑیاں، 1779موٹرسائیکلیں ، جون میں 334گاڑیاں، 1824موٹرسائیکلیں اور جولائی میں اب تک 104گاڑیاں اور 675موٹرسائیکلیں چھینی یا چوری کی جاچکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :